نتیش کمار اور کجریوال کو عوام کیلئے کام کرنے کا مشورہ

پٹنہ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر تنقید کی اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے سیلفی پروگرام پر تنقید کرنے کے بجائے خود کو اتنا قابل بنالیں کہ عوام خود ان کے ساتھ تصویرکشی کی خواہش کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو بھی عوام کے لئے کام کرنا چاہئے۔ روی شنکر پرساد نے کہا کہ نتیش کمار کو یہ فکر لاحق ہوگئی ہے کہ عوام ان کے ساتھ تصویرکشی کرانے نہیں آرہے ہیں جیسا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ تصویر لینے کیلئے لوگ ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا سنجیدہ مشورہ ہے کہ یہ دونوں چیف منسٹرس (نتیش کمار اور اروند کجریوال) عوام کی خدمت کریں اور انہیں اپنا گرویدہ بنانے کے لائق کام کریں تو وہ آپ سے متاثر ہوکر تصویرکشی کیلئے بے تاب ہوجائیں گے۔ مرکزی وزیر مواصلات و اِنفرمیشن ٹیکنالوجی روی شنکر پرساد نے مزید کہا کہ اروند کجریوال اور نتیش کمار کو بے لوث قیادت بننے کی جانب محنت کرنی ہوگی۔ نتیش کمار نے کل ہی مودی پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ مودی ایک خودغرض لیڈر ہیں۔