نتیش نوکری میں ترقیوں میں ریزرویشن کے حامی

پٹنہ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج ایسی دستوری ترمیم کے مطالبہ کی حمایت کردی جس سے نوکری کی ترقیوں میں تحفظات کے متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ نتیش نے اپنے ہفتہ وار لوک ۔ سمواد پروگرام کے موقع پر میڈیا والوں کو بتایا کہ ہم نے ہمیشہ پروموشن میں ریزرویشن کی حمایت کی ہے۔ ہم نے بہار میں ایس سیز اور ایس ٹیز کے لئے اس گنجائش کو متعارف کرایا تھا۔ ہمارے فیصلے کو چیلنج کیا گیا اور ہائی کورٹ نے کالعدم کردیا۔ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیردوران ہے۔ چیف منسٹر ، مرکزی وزیر اور صدر لوک جن شکتی پارٹی رام ولاس پاسوان کے اِس بیان کے بارے میں سوال کا جواب دے رہے تھے کہ ایل جے پی وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے ایسی دستوری ترمیم پر توجہ دلانے کا منصوبہ رکھتی ہے جو ترقیوں میں ریزرویشن کی سہولت فراہم کرسکتی ہے۔