نتیش اقتدار کے بھوکے: بی جے پی

پٹنہ۔/8جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتا دل متحدہ کے سینئر لیڈر نتیش کمار کو اقتدار کا بھوکا قرار دیتے ہوئے بی جے پی لیڈر سوشیل کمار مودی نے کہا ہے کہ چیف منسٹر جیتن رام مانجھی کو مجبوراً استعفیٰ دینے کیلئے نتیش کمار مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نتیش کمار اقتدار کے لالچی ہیں اور چیف منسٹر مانجھی کے خلاف عمداً مہم چلارہے ہیں تاکہ وہ مجبور ہوکر استعفی پیش کرنے پر وہ اس عہدہ پر قبضہ کرسکیں۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ حکمران جماعت میں داخلی خلفشار سے بہار کی ترقی اور امن و قانون کی برقراری متاثر کرسکتی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کی اس شکایت کا تذکرہ کیا کہ بعض وزراء اور عہدیدار ان کی ہدایت کو نظر انداز کررہے ہیں اور حکمران جماعت میں اختلافات کی افواہیں پھیلانے میں مصروف ہیں جس کے باعث جنتا پریوار کے انضمام پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
دلت لڑکی کے قتل کیس میں
والد اور بھائی گرفتار
مظفر نگر۔/8جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 19سالہ دلت لڑکی کو دو روز قبل دوسری ذات کے لڑکے کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں پکڑے جانے کے بعد والد اور بھائی نے اس سنگسار کردیا تھا۔ پولیس آج انہیں گرفتار کرلیا۔ جگیال اور ان کے فرزند ستیش کو عزت و ناموس کی خاطر قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ سینئر ایس ایس پی مسٹر ایچ این سنگھ نے یہ اطلاع دی۔