نتن یاہو کیخلاف سرکاری خزانہ کے بیجا استعمال کی تحقیقات

یروشلم ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے اٹارنی جنرل نے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کی رہائش گاہ میں ضرورت سے زیادہ مصارف کے خلاف ایک فوجداری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ سرکاری کمپٹرولر جسے سرکاری واچ ڈاگ کی حیثیت حاصل ہے، کے مطابق عوامی خزانہ کو دعوتوں، فرنیچر، صاف صفائی اور باغبانی کے شعبہ میں بے دریغ خرچ کیا گیا جو دراصل وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کی سرکاری رہائش گاہ ہے جبکہ ان کا ذاتی مکان ساحل سمندر کے قریب واقع شہر قیصریہ میں واقع ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہیکہ فی الحال نتن یاہو سے اس معاملہ میں کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی جبکہ توجہ کا مرکز نتن یاہو کے اسٹاف کا ایک رکن ایزراسیڈوف ہے جو زیادہ تر نتن یاہو کے شخصی امور کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ نتن یاہو کے خلاف اس نوعیت کی تحقیقات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ لوگ جانتے ہیں کہ انہیں قیمتی سنگار، گوکناک نامی شراب بیحد پسند ہے اور ان کی اہلیہ کے بارے میں بھی یہی کہا جاتا ہیکہ انہیں قیمتی اشیاء خریدنے کا بیحد شوق ہے اور اپنے اسٹاف کے ساتھ بھی ان کا رویہ حاکمانا ہوتا ہے۔