نتن گڈکری کی راج ٹھاکرے سے ملاقات

ممبئی ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا۔ بی جے پی اتحاد میں دراڑیں پیدا کرنے والی ایک خبر کے بموجب سابق صدر بی جے پی نتن گڈکری نے آج مہاراشٹرا نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے سے ایک مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ قبل ازیں دن میں جب اس ملاقات کی خبریں عام ہوئیں تو ریاستی صدر بی جے پی نے ان کی تردید کردی۔ تاہم بی جے پی کے ایک ذریعہ نے جو گڈکری سے قریب ہے، کہا کہ ملاقات ہوئی ہے۔ ماضی میں ریاستی بی جے پی کی قیادت نے راج ٹھاکرے کو تردید دینے کی کوشش کی تھی لیکن اس کی حلیف شیوسینا نے اشارہ دیا تھا کہ وہ اس کوشش پر خوش نہیں ہے لیکن آج شیوسینا نے کوئی ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔

پارٹی کے ترجمان سنجے راوت نے کہا کہ گڈکری کے راج ٹھاکرے سے خوشگوار تعلقات ہیں۔ شام میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ ایم این ایس کے سربراہ سے کانگریس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ادھوٹھاکرے کو میری راج ٹھاکرے سے ملاقات پر برہم ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ میں کانگریسیوں کے بشمول ہر ایک سے ملاقات کرتا رہتا ہوں۔