نتن پٹیل کو چیف منسٹر بنانے کانگریس رکن اسمبلی کی پیشکش

احمد آباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس کے ایک سینئیر رکن اسمبلی نے گجرات کے ’دل برداشتہ ‘ ڈپٹی چیف منسٹر نتن پٹیل پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست میں اپنے حامی 10 تا 15 ارکان اسمبلی کی مدد سے نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے بی جے پی چھوڑ کر ان کی پارٹی سے ہاتھ ملائیں ۔ سوراشٹرا کے ضلع امریلی کے تحت حلقہ لاٹھی سے نو منتخب رکن اسمبلی ویرجی ٹھومر نے کہا کہ نتن پٹیل اگر بی جے پی ارکان اسمبلی کی درکار تعداد کے ساتھ آئیں تو کانگریس کی مدد سے انہیں چیف منسٹر بھی بنایا جاسکتا ہے ۔ ٹھومر نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’ انہوں ( چیف منسٹر روپانی ) نے نتن بھائی پٹیل سے تمام اہم قلمدان واپس لے لیا ہے ان کے قلمدان دوسروں کو دئیے گئے ہیں ۔ نتن بھائی سے میں درخواست کروں گا کہ وہ اپنے حامی 10 تا 15 ارکان اسمبلی کے ساتھ آئیں ہم ( کانگریس ) باہر سے ان کی تائید کریں گے ‘ ۔۔