سرینگر 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموںو کشمیر عمر عبداللہ نے آج یہ ادعا کیا کہ ان کی پارٹی نیشنل کانفرنس کشمیر میں انتخابی نتائج کے دن حیرت انگیز انقلاب لائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بھاری تناسب سے جو رائے دہی ہوئی ہے اس سے سیاسی عزت اور احترام کے تئیں ریاست کے عوام کی خواہش ظاہر ہوتی ہے ۔ عمر عبداللہ نے بارہمولہ اور بڈگام اضلاع میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے دن نیشنل کانفرنس اپنے مخالفین اور ناقدین کو شدید حیرت زدہ کرنے والی ہے جس طرح سے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ میں ہوا تھا ۔ دوسرے مرحلہ میں بھی عوام کی کثیر تعداد نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے جس سے سیاسی عزت و وقار کے تئیں ریاست کے عوام کے جذبات کا اظہار ہوا ہے ۔ ریاست میں پانچ مراحل میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں اور آخری مرحلہ میں 20 ڈسمبر کو ووٹ ڈالے جانے ہیں جبکہ 23 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئیگی ۔ عمر عبداللہ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نہ صرف ریاست کے سیاسی عزت و وقار اور سیاسی انفاردیت کی ضامن ہے بلکہ اس نے اپنے قیام کے بعد سے مسلسل ریاست کیلئے قربانیاں بھی دی ہیں اور اس نے دبانے اور کچلنے کی حکمت عملی کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔ اس نے آمریت اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پارٹی کے نچلی سطح کے کیڈر اورکارکنوں پر بہت اعتبار ہے کیونکہ یہی کیڈر جموںو کشمیر میں بی جے پی کے خلاف مدافعت کیلئے ایک اہم طاقت قرار پاتا ہے ۔ عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کی زیر قیادت حکومت کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاست میں کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں ہے جس میں گذشتہ چھ سال میں بے مثال ترقی نہ ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ برقی شعبہ ہو یا سیاحت کا شعبہ ہو حکومت کی کارکردگی خود اپنی مثال آپ ہے ۔ ریاست میں برقی کی پیدوار میں نیشنل کانفرنس کی حکومت نے زبردست اضافہ کیا ہے ۔