نتائج کی مجھے فکر نہیں :کرن بیدی

نئی دہلی ۔9فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی رائے شماری سے ایک دن قبل بی جے پی کی چیف منسٹری کی امیدوار کرن بیدی نے آج ’’کرما‘‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نتائج کی کوئی فکر نہیں ہے کیونکہ یہ ان کے ہاتھو ںمیں نہیں ہے ۔ میں نے گذشتہ 17دن میں ہر ممکن کوشش کی ہے ‘اپنا پورا وقت دیا ہے ‘آگے خدا کی مرضی ہے ۔ کسی بھی امتحان کیلئے ہم بہترین کوشش کرتے ہیں لیکن نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں گہری نیند آتی ہے کیونکہ وہ نتائج سے بے فکر ہیں ۔ ایگزٹ پولس کی پیش قیاسیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی جیتے یا ہارے وہ اس کی ذمہ داری قبول کرنے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داری قبول کرنا آج سے نہیں بلکہ ابتداء ہی سے ان کی عادت ہے۔