ضلع نلگنڈہ میں رائے شماری کے انتظامات مکمل
نلگنڈہ۔/10مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں بلدیہ اور مجلس مقامی و عام انتخابات کی رائے شماری کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ جیسے جیسے رائے شماری کے دن قریب آرہے ہیں امیدواروں کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہورہی ہیں۔ ضلع کے 5بلدیات اور 2نگر پنچایت کیلئے ووٹوں کی گنتی نہیں ہوگی۔ 12مئی کو رائے شماری ضلع مستقر کے ڈان ہائی اسکول میں ہوگی جہاں پر 37ٹیبل اور 148 ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ بلدیہ نلگنڈہ کیلئے 7ٹیبلس دیگر بلدیات اور نگر پنچایتوں کیلئے 5ٹیبلس رہیں گے۔ رائے شماری کا آغاز صبح 8بجے سے ہوگا اور پوسٹل بیالٹ کے بعد ہی ای وی ایم مشینوں سے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ توقع ہے کہ 12بجے تک نتائج مکمل حاصل ہوں گے۔13مئی کو ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ واضح رہے کہ ضلع میں مجالس مقامی کے دو مرحلوں میں رائے دہی ہوئی۔ 6اپریل کو ہوئی رائے دہی میں نلگنڈہ اور بھونگیر ڈیویژن شامل ہیں۔ ضلع کی 835 ایم پی ٹی سی کیلئے 3311، زیڈ پی ٹی سی کی 59 نشستوں کیلئے 329 امیدواروں نے انتخابی میدان میں حصہ لیا تھا۔ ووٹوں کی گنتی کیلئے 483ٹیبلس ہیں، ہر ٹیبل پر تین راؤنڈ ووٹوں کی گنتی ہوگی جس کے لئے 2ہزار ملازمین کو مقرر کیا گیا ہے۔ مجالس مقامی کی رائے شماری ریونیو ڈیویژن میں کی جائے گی۔ نلگنڈہ ڈیویژن کی رائے شماری جن میں 12منڈل کی ساگر روڈ پر واقع سوامی رامانند تیرتھ سائنس و ٹکنالوجی کالج میں ہوگی۔ بھونگیر ڈیویژن کے 14 منڈلوں کی رائے شماری ویدیا بالا ودیالیہ بھونگیر جو نلگنڈہ روڈ پر واقع ہے پر ہوگی۔ مریال گوڑہ کے 11منڈلوں کی ناگرجنا انجینئرنگ کالج سرینواس نگر مریال گوڑہ، سوریا پیٹ ڈیویژن کے 14منڈلوں کی رائے شماری اروند ونکیٹا انجینئرنگ کالج، دیور کنڈہ ڈیویژن کے 6منڈلوں کی رائے شماری ایم کے آر گورنمنٹ ڈگری کالج میں ہوگی۔ ہر ریونیو ڈیویژن کیلئے ایک مبصر کو مقرر کیا گیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کا آغاز صبح 7:30 بجے سے پوسٹ بیالٹ سے ہوگا۔ عام انتخابات کیلئے ضلع مستقر پر رائے شماری کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ 16مئی کو ووٹوں کی گنتی کا آغاز 7:30 بجے ہوگا۔ لوک سبھا نلگنڈہ اور اس میں شامل اسمبلی حلقہ جات کی رائے شماری کا مرکز ایف سی آئی گودام نلگنڈہ جبکہ لوک سبھا بھونگیر و حلقہ جات کیلئے دوپلا پلی میں واقع ریاستی گودامس میں ہوگی۔ ضلع میں دو لوک سبھا اور 12اسمبلی حلقوں میں جملہ 19 مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے 161اور آزاد 67امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ کودار اور منو گوڑ اسمبلی حلقوں میں 17امیدواروں نے حصہ لیا۔ جبکہ دیگر میں 15امیدواروں نے حصہ لیاہے۔ رائے شماری کا آغاز صبح 8بجے ہوگا۔ لوک سبھا کیلئے 24 ٹیبلس ہوں گے جن میں12اسمبلی حلقوں اور 12لوک سبھا کیلئے ٹیبلس ہوں گے۔ یہاں پر بھی پہلے پوسٹل بیالٹ سے رائے شماری کا آغاز ہوگا۔ توقع ہے کہ 18تا 20راؤنڈز پر ووٹوں کی گنتی ہوگی اور سہ پہر تک نتائج حاصل ہوں گے۔ اس خصوص میں ملازمین کو رائے شماری سے متعلق تربیت دی گئی ہے۔