نتائج انتہائی مایوس کن ‘ محاسبہ کیا جائے گا ‘ وزارت عظمیٰ امیدوار کا موزوں وقت پر اعلان :سونیا گاندھی

نئی دہلی ۔ /8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے 4 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے محاسبہ کی ضرورت پر زور یا ۔ سونیا گاندھی نے اپنے فرزند اور پارٹی نائب صدر راہول گاندھی کے ساتھ کانگریس ہیڈکوارٹر پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شکست کو تسلیم کیا اور کامیابی حاصل کرنے والے سیاسی حریفوں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام یقیناً ہم سے ناراض تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت پر ہی وزارت عظمیٰ امیدوار کا اعلان کیا جائے گا ۔ لیکن ان کے اس تبصرہ پر یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ان کا اشارہ راہول گاندھی کی طرف ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا تھا کہ وزارت عظمیٰ امیدوار کے بارے میں پارٹی کو فیصلہ کرنا ہے اور یہ موزوں وقت پر کیا جائے گا ۔ انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے پوچھا کہ کیا لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی کو کانگریس وزارت عظمیٰ امیدوار قرار دیا جائے گا ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ عوام کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ۔ موزوں وقت پر ان کا اعلان کیا جائے گا ۔ سونیا گاندھی کے لفظ ’’ ان کا ‘‘ سے یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ راہول گاندھی کی طرف انہوں نے اشارہ کیا ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ انتخابی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ عوام کانگریس سے ناخوش تھے ‘ورنہ نتائج اتنے برے نہیں ہوتے ۔اس ناکامی کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں ۔اس میں سے ایک وجہ قیمتوںمیں بے تحاشہ اضافہ اور دیگر مسائل ہیں ۔