مسلم گرلز اسوسی ایشن کا تعارف اسلام کورس، محترمہ رقیہ فرزانہ کا خطاب
حیدرآباد 25 مئی (راست) لوگ صرف شق القمر اور معراج نبی ﷺ کو ہی معجزہ سمجھتے ہیں لیکن آپ ﷺ کی ہر سنت اور پیغام خود ایک معجزہ ہے۔ پیغام معجزہ ہونے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس پیغام پر عمل کرنے سے زندگی کے تمام اُمور میں یکسر تبدیلی اور Change دیکھا جاسکتا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ طیبہ کے اُس وقت کے رہنے والے عزت دار، اعلیٰ خاندانوں، قبیلوں کی زندگی میں تبدیلی و انقلاب برپا ہوا اور انقلاب کی یہ لہریں خطہ عرب سے نکل کر ایشیاء ، افریقہ اور یورپ کے کئی علاقوں تک پہنچ گئی۔ نبی کریم ﷺ نے اللہ تعالیٰ کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانے اور اسے سمجھانے کے لئے مکہ مکرمہ میں 12 سال تک ان کے ذہن و قلب کو مائل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ رقیہ فرزانہ نے بہادر پورہ میں جاری مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے خصوصی تعارف اسلام کورس میں کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ کا پیغام اور اس کی خصوصیات لامتناہی ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا پیغام نبوت کا اعلان اور فاران کی چوٹی پر دی گئی ندا قولو لا الہ الا اﷲ تفلحوسے لے کر خطبہ حجۃ الوداع تک تھا۔ آپ ﷺ کے پردہ فرمانے تک کا ہر قول حدیث اور ہر فعل و عمل سنت ہے۔ یہ سنت ہی پیغام محمد عربی ﷺ ہے۔
اُنھوں نے کہاکہ مکہ کے مالدار Millionoir لیڈرس Traders حبشہ کے بادشاہ نجاشی، غلام باندیاں، ضعیف کمزور، مجبور، بے بس، بے کس، مفلس، مفلوک الحال، طاقتور ہر ایک میں عظیم تبدیلی آئی۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے پیغام سے زندگی میں ایمان کا نور آیا، زندگی کا تصور پیدا ہوا، اللہ تعالیٰ کی عبدیت، احساس جوابدہی، خیر خواہی، غم خواری، نیکی کے لئے جدوجہد، ایک دوسرے کی مدد، آپسی اتحاد و اتفاق اور اُخوت کا جذبہ پیدا ہوا۔ ہر ایک کے حقوق اور جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت و پاسداری کی بنیادیں ڈالی گئیں۔ عوام کو پرامن چین وسکون کی زندگی میسر آئی۔ جرائم پر قابو پایا گیا۔ عیش و عشرت و آسائش کو خیرباد کہا جانے لگا۔ سماج میں افراتفری ختم ہوئی۔ عائلی زندگیاں تشکیل پانے لگیں۔ لوگ جماعت اور امیر کی سمع و اطاعت میں آنے لگے۔ حضرت محمد ﷺ کے پیغام کا جو اثر ہے وہ ایک عظیم الشان انقلاب کے نتائج کی جھلک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو قبول کرنے والے حق و خیر کے علمبردار بن کر دین اسلام کو قائم کرنے اور نافذ اور جاری کرنے اور وسعت دینے اور اس کی حفاظت کرنے کے لئے تجارت مال کے نقصان اور جان کی قربانیاں دیتے ہوئے جدوجہد نبی ﷺ میں شامل رہے۔ اس کے علاوہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات کے سنٹرس میں محترمہ روحی خاں، محترمہ شاہین بیگم، محترہ سائرہ بیگم، محترمہ راشدہ خاتون، محترمہ شمیم بیگم، محترمہ بشریٰ ندیم، محترمہ عائشہ تبسم، محترمہ فاطمہ بیگم، محترمہ خیرالنساء، محترمہ کبریٰ بیگم و دیگر کارکن مخاطب کررہی ہیں۔ مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر 66632673 پر ربط کریں۔