کوڑنگل میں منعقدہ جلسہ میلاد النبیﷺ سے مولانا محسن پاشاہ کا خطاب
کوڑنگل /3 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم نوجوان محلہ پرانی گڑھی کے زیر اہتمام عاشور خانہ حضرت امام قاسم کے احاطہ میں جناب عبد القادر عرف عبدل کی زیر نگرانی جلسہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ ڈپٹی سرپنچ کوڑنگل جناب سلطان محی الدین غوثن نے صدارت کی اور جناب وحید اسیر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، جب کہ مولانا محسن پاشاہ قادری، مولانا محمد عبد المنان رہبر، مولانا محمد عبد الرشید، مولوی سید شہباز پاشاہ قادری، مولوی محمد عبد الکریم اشرفی، محمد ظفر اللہ خاں، محمد عبد الصابر وغیرہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد عبد الحسیب کی قراء ت سے ہوا، مسرز سید چاند پاشاہ، وحید اسیر، واحد رضا، مصطفی حسین، اظہر بن مقصود، عبد الجلیل، عبد الجمیل، محمد معراج اور عبد الکریم اشرفی وغیرہ نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ مولانا محسن پاشاہ قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کا ہر لمحہ بلاشبہ ایک معجزہ ہے۔ آپﷺ کی میلاد مبارک کی خوشیاں منانا دراصل اللہ تعالی کی شکرگزاری اور احسان مندی کا سب سے احسن طریقہ ہے۔ یہ تعلیم رسالت کا صدقہ ہے کہ انسانیت کفر کی تاریکی سے نکل کر ہدایت و صداقت کی روشنی میں آئی۔ انھوں نے کہا کہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے شرک و کفر میں مبتلا آدمیت کو ایمان و اسلام کی دولت سے مالا مال کرکے اعزاز سے نوازا اور انسانوں کے درمیان مساوات قائم کی۔ انھوں نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو شرط ایمان اور آپ کی اتباع کو وسیلہ نجات قرار دیا اور کہا کہ جب تک مسلمان تعلیمات نبوی پر عمل پیرا تھے، دنیا ان کے قدموں میں جھکی رہی اور جب سے روگردانی اختیار کی دنیا نے ان کو مصائب و آلام میں مبتلا کردیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر مسلمان دنیا میں پھر وہی سرخروئی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انھیں تعلیمات نبویﷺ پر سختی سے عمل پیرا ہونا پڑے گا۔ اس موقع پر مسرز امتیاز احمد، الطاف رسول، سلطان بہاء الدین گلشن، مصطفی کمال بادشاہ، محمد شبیر وغیرہ کے علاوہ خواتین و حضرات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ نگران جلسہ کے شکریہ پر رات دیر گئے جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔