نبیل کی نعش پر آٹھ ضربات کا انکشاف

حیدرآباد ۔ /12 مئی (سیاست نیوز) ڈبلیو ڈبلیو ای انداز میں کشتیوں کے دوران ہلاک ہونے والے نبیل محمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کو دواخانہ عثمانیہ کے فارنسک ماہرین نے آج میرچوک پولیس کے حوالے کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس رپورٹ میں فارنسک ماہرین نے نبیل کے جسم پر 8 زخموں کے نشان پائے ۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر میرچوک پولیس نے نبیل محمد کے 8 ساتھیوں پر قتل اور شواہد کو مٹانے کی کوشش کے الزام میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ انسپکٹر میرچوک مسٹر وی یادگیری ریڈی نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے نوجوانوں کی کل گرفتاری کا اعلان کیا جائے گا اور بعد ازاں انہیں نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ کل تحصیلدار کی نگرانی میں نبیل محمد کی نعش بڑے قبرستان بارکس کی قبر سے باہر نکالی گئی تھی جس کا وہیں پر پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا ۔ پولیس نے کیس کے دفعات میں ترمیم کرتے ہوئے نوجوانوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے ۔