نبیل محمد قتل کیس: 9 ملزمین گرفتار

حیدرآباد 14 مئی (سیاست نیوز) نبیل محمد قتل کیس میںملوث 9 ملزمین کی گرفتاری کا آج اعلان کردیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے انہیں پریس کانفرنس میں میڈیا کے روبرو پیش کرتے ہوئے تفصیلات بتائی۔نوجوان کے قتل میں 19 سالہ اویس پٹیل‘ ساکن امان نگر جو انٹر میڈیٹ سال دوم کا طالب علم ہے نے نبیل محمد کے سر پر مسلسل گھونسے رسید کئے جس کے سبب اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ اویس پٹیل اپنے دوستوں میں سبقت کیلئے بھاری ملبوسات پہنا کرتا اور قوت کا مظاہرہ کیا کرتا ۔ 3 مئی صبح 6 بجے اویس پٹیل ‘مرزا عمر علی بیگ‘وسیم خان عرف وسیم ڈالر ‘مرزا نثار اللہ بیگ عرف سلطان مرزا ‘محمد عبدالقوی عرف عبید ‘محمد سلیمان الدین ‘عرفان احمد خان عرف عرفان پٹھان اور دیگر دو کم عمر نوجوان انڈو امریکن اسکول واقع پنجہ شاہ کے قریب جمع ہوئے جہاں پر اویس پٹیل نے اپنے دوست ابو بکر بن محمد کو کشی لڑنے کا چیلنج کیا ۔ جبکہ ابو بکر نے پہلے ہی محمد سلیمان اور اویس کو شکست دی تھی ۔ نبیل محمد جسمانی طور پر پرکشش تھا جس کے سبب اسے اویس پٹیل سے کشتی لڑنے کیلئے اشتعال دلایا گیا ۔ ابتداء میں نبیل اور اویس کشتی لڑنے کے خلاف تھے لیکن عمر بیگ‘ سلطان مرزا ‘ سلیمان الدین اور دیگر نے دونوں کو کشتی لڑنے کیلئے اکسایا اور بعدازاں وسیم ڈالر نے کشتی کیلئے ریفری کے رول ادا کیا۔(سلسلہ و تصویر صفحہ 8 پر)