حیدرآباد۔/20جون، ( پریس نوٹ ) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ دی جاتی ہے کہ جگر گوشہ غوث الاعظم ؓ حضرت مولانا ڈاکٹر الحاج سید شاہ محمد غوث محی الدین قادری الموسوی المعروف اعظم پاشاہ قبلہ جانشین حضرت وحید العصر عارف ؔ علیہ الرحمہ سابق پرنسپل لطیفیہ عربی کالج نے آج صبح ملک عبدالعزیز یونیورسٹی ہاسپٹل میں داعی اجل کو لبیک کہا۔ یاد رہے کہ حضرت قبلہ اپنے اہل و عیال نیز وابستگان سلسلہ کے ہمراہ 14 اپریل کو حیدرآباد سے عراق کے لئے روانہ ہوئے جہاں آپ نے اپنے جد کریم حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کے روضہ پر حاضری و قیام کے علاوہ نجف اشرف، کربلا ء معلی اور بصرہ وغیرہ میں زیارات مقامات مقدسہ کا شرف حاصل کیا۔ بعد ازاں 24 اپریل کو یہ قافلہ حرمین شریفین میں حاضری کیلئے روانہ ہوا، بعد از ادائیگی عمرہ و زیارت روضہ نبویؐ جدہ پہنچے جہاں چند دن قبام کیا، واپسی سے عین قبل ناسازی مزاج کے باعث ڈاکٹرس کے مشورے پر جدہ کے ملک عبدالعزیز یونیورسٹی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا۔ تقریباً ایک ماہ ماہر ڈاکٹرس کی نگرانی میں زیر علاج رہے اور برضائے الٰہی دار فانی سے کوچ کرگئے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین فرزندان مولانا الحاج سید شاہ محمد درویش محی الدین قادری الموسوی مصطفی پاشاہ، مولانا حافظ ڈاکٹر سید شاہ محمد سلطان محی الدین قادری الموسوی مرتضی پاشاہ، مولانا حافظ سید شاہ محمد قادر محی الدین قادری الموسوی مجتبیٰ پاشاہ حال مقیم جدہ اور ایک صاحبزادی محل مولانا سید شاہ فصیح اللہ حسینی رفاعی قادری مصباح پاشاہ شامل ہیں۔(سلسلہ صفحہ 7 پر)