دوبئی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کیلئے یہ شرم کی بات ہے کہ آج آئی سی سی نے ناگپور میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹسٹ کیلئے استعمال کی گئی وکٹ کو ناقص وکٹ قرار دیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے اس وکٹ کے متعلق تفصیلات آئی سی سی کو فراہم کردیں اور ان کی رپورٹ کی بنیاد پر آئی سی سی نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے اندرون 14 یوم جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ودربھا کرکٹ گراؤنڈ جوکہ بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر کا گھریلو اسوسی ایشن بھی ہے ، یہاں کی وکٹ پہلے ہی دن سے اسپنرس کیلئے مددگار ثابت ہوئی ہے اور مقابلہ اندرون تین دن ختم ہوگیا ۔ اس مقابلے کیلئے استعمال ہوئی وکٹ پر تقریباً کرکٹ کے ہر گوشہ سے تنقید کی گئی تھی لیکن ہندوستانی ٹیم کے منیجر روی شاستری نے اس کا دفاع کیا ہے ۔