ناگپور میں اردو کلاسس ، قومی یکجہتی کا نمونہ

ناگپور ۔ 19 ۔ فبروری ( ذریعہ ڈاک ) ودربھ ساہتہ سنگھ ناگپور کے زیراہتمام مفت اردو کوچنگ کلاس کے 106 ویں بیچ کا اختتام عمل میں آیا ۔ تقریب کی صدارت ودربھ ساہتہ سنگھ کی جنرل سکریٹری شریمتی شوبھا اُبگڑے نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے معروف ادیب و اسکالر پروفیسر ڈاکٹر محمد اظہر حیات شریک جلسہ تھے ۔ واضح ہو کہ یہ کلاس 1979 ء سے شہر کے وسطی غیر اردو داں علاقے سیتا برڈی میں ودربھ ساہتہ سنگھ کے وسیع و عریض عمارت میں جاری ہے ۔ جس میں ابتداء سے ہی جناب محمد قمر حیات تدریس کا فریضہ بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں ۔ طلباء کو اردو زبان و ادب کی تاریخ اور اس کی تہذیبی روایتوں سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ طلباء میں زیادہ تعداد اعلی علمی استعداد رکھنے والے حضرات کی ہوتی ہے ڈاکٹر ، وکیل ، انجینئر ، ٹیچرس اور بزنس مین سبھی قسم کے لوگ ایک ساتھ اردو سیکھتے ہوئے قومی یکجہتی کا نمونہ پیش کرتے ہیں ۔ قمر حیات کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے صدر محترمہ شریمتی شوبھااُبگڑے حاضرین طلباء و طالبات کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ بھاشا اور زبان سے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کو ڈکشنری استعمال کرنے کی عادت ڈالنی چاہئے اس سے ہمارے ذخیرہ الفاظ میں مدد ملتی ہے ۔ 35 سالوں سے قمر حیات مفت اردو سکھا رہے ہیں ۔ جو قابل تعریف ہے ۔ میڈیا اور اردو دنیا میں ان کی پذیرائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے مزید اردو کو نظرانداز کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ۔ اختتامی جلسہ کے آغاز میں کلاس سے فارغ طلباء و طالبات نے اپنے مشاہدات و تجربات بیان کئے تمام غیرمسلم طلباء و طالبات اردو کی شیرینی اور مٹھاس سے بہت ہی محظوظ ہوئے اس موقع پر کلاس کے استاد جناب محمد قمر حیات نے طلباء کو سہ ماہی اردو کورس مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں اردو پڑھنے لکھنے کی عادت کا مشورہ دیا ۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر آرتی کیلکر نے بحسن و خوبی انجام دی ۔ جبکہ ایڈوکیٹ سنجے مورے کے اظہار تشکر پر جلسہ اختتام پذیر ہوا جلسے کے اختتام پر نئے بیچ کے آغاز کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ مزید تفصیلات کیلئے قمر حیات کے موبائیل نمبر 9890326223 پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے ۔