دعوت افطار سے رکن اسمبلی و سابق رکن پارلیمنٹ کا خطاب
ناگرکرنول /27 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مقامی رکن اسمبلی شری جناردھن ریڈی نے مستقر کے لہری گارڈن فنکشن ہال میں عامۃ المسلمین کے لئے دعوت افطار کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر حسب روایت مقامی مساجد کے ائمہ و مؤذنین اور حفاظ کرام کے علاوہ صدر مساجد کمیٹی جناب محمد عبد الحفیظ خاں نقشبندی اور معتمد وقف کامپلیکس کمیٹی جناب سید رفیع الدین کی گلپوشی و شال پوشی کی۔ اس موقع پر صدر مساجد کمیٹی جناب محمد عبد الحفیظ خاں نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام میں انسانی رشتے کی کافی اہمیت ہے اور آج اسی انسانی رشتے کے تحت ہم لوگ یہاں جمع ہوئے ہیں۔ انھوں نے موجودہ عیدگاہ میں جگہ کی قلت کا اظہار کرتے ہوئے جدید عیدگاہ کے لئے ایک ایکڑ اراضی فراہم کرنے رکن اسمبلی سے اپیل کی۔ رکن اسمبلی ایم جناردھن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم اقلیت کی فلاح و بہبود کے لئے ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ حاصل ہوا ہے، لیکن موسم برسات میں خاطرہ خواہ بارش نہیں ہوئی۔ انھوں نے عامۃ المسلمین سے اس ماہ مقدس میں باران رحمت اور نئی ریاست کی ترقی کے لئے دعا کرنے کی خواہش کی۔ انھوں نے صدر مساجد کمیٹی کی اپیل پر جدید عیدگاہ کے لئے دو ایکڑ اراضی فراہم کرنے کا تیقن دیتے ہوئے شہ نشین پر موجود آر ڈی او کیمیا نائک کو جدید عیدگاہ کے لئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں بحیثیت مہمان خصوصی سابق رکن پارلیمنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کے وعدہ پر ٹی آر ایس حکومت پابند ہے۔ انھوں نے عامۃ المسلمین کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر آر ڈی او کیمیا نائک، ٹی آر ایس قائد جے رگھونندن، رضا، محمد حنیف، مرزا خلیل بیگ، حمید کے علاوہ معتمد وقف کامپلیکس جناب سید رفیع الدین، نائب صدر مساجد کمیٹی جناب شیخ یعقوب بن عثمان باوزیر، محمد منور اور دیگر بھی موجود تھے۔