ناگر کرنول /22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی ناگرکرنول کے غریب بے روزگار نوجوانوں کو محکمہ پولس میں بھرتی کے لئے رکن اسمبلی ناگر کرنول مسٹر مری جناردھن ریڈی ایم جے آر ٹرسٹ کے زیر اہتمام مفت تربیت فراہم کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم جے آر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر و ٹی آر ایس کے ریاستی قائد جکا رگھو نندن ریڈی نے کیا۔ مستقر ناگرکرنول میں واقع رکن اسمبلی کی قیامگاہ پر اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم جے آر ٹرسٹ کے زیر اہتمام رکن اسمبلی نے غریبوں کی شادیاں کرتے ہوئے ہوئے 184 جوڑوں کو ازدواجی زندگی گذارنے کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ واٹر پلانٹس، بورس اور غریبوں میں رقمی امداد فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عنقریب محکمہ پولس کی جائیدادوں کی بھرتی کے اعلامیہ کے اجرائی کے پیش نظر ایم جے آر ٹرسٹ سے مستحق افراد کو تربیت فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منڈل تیلکا پلی کے سی ایل آر کالج کے احاطے میں ماہ ڈسمبر سے ایک ماہ تک تربیتی پروگرام چلایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ان جائیدادوں میں 33%خواتین کو ریزرویشن فراہم کیا جائیگا چنانچہ اس تربیتی پروگرام سے خواتین سے بھی مستفید ہونے کی خواہش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوران تربیت کھانے کا انتظام بھی رہے گا۔ اس تربیتی پروگرام کے لئے عنقریب رکن اسمبلی کے مکان پر درخواستیں وصول کی جائیگی۔اس موقع پرٹی آر ایس کونسلر جناب حبیب الرحمٰن اور دیگر نے حصہ لیا۔