ہند اور آسٹریلیا کے باکسرس کا 16 جولائی کو چینائی میں مقابلہ
نئی دہلی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے تجربہ کار باکسر اور سابق یوروپی چمپین کیری ہوپ نے ڈبلیو بی او پیسفک سوپر میڈل ویٹ چمپینس شپ مقابلے سے قبل ہندوستانی باکسر وجیندر سنگھ کو چیلنج کیا ہے۔ یہ مقابلہ 16 جولائی کو تھیاگا راجہ اسپورٹس کامپلیکس میں ہوگا۔ ڈبلیو بی سی ایشین باکسنگ کونسل چمپین کیری ہوپ فی الحال ویلس میں سخت ٹریننگ لے رہے ہیں اور اب تک 30 مقابلوں میں 23 کامیابیوں کے انتہائی متاثرکن ریکارڈ کے ساتھ یہاں وجیندر سے مقابلہ کیلئے پہونچ رہے ہیں۔ 183 راؤنڈس میں حصہ لے چکے کیری ہوپ کو تجربہ کے اعتبار سے وجیندرپر معمولی سبقت حاصل ہے۔ ہوپ نے کہا کہ ’’میں اپنی تیاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔ کوئی غلطی نہیں کروں گا۔ اب وجیندرمشکل میں ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’وہ (وجیندر) جانتے ہیں اور میں جانتا ہوں۔پریس کانفرنس کے دوران ان (وجیندر) کی آنکھوں میں ڈر خوف دیکھا ہوں۔ وہ فضول و بیکار لڑتے رہے ہیں اور اب بھی غیرپیشہ ور باکسر نظر آتے ہیں چنانچہ اب میں انہیں دکھانے جارہا ہوں کہ پیشہ ورانہ باکسنگ کیا ہوتی ہے‘‘۔