ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنے کا بی جے پی پر الزام

نظام آباد۔ 2 جون (ای۔میل) قاضی سید ارشد پاشاہ سرکاری ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس نے کہا کہ بی جے پی اور دیگر تنظیمیں این ڈی اے سرکار کی ایک سالہ میعاد میں عوام کے حل طلب مسائل کو جوں کا توں حالت میں رہنے سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے مختلف بیانات جاری کررہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے ایک سال کے دور حکومت کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے ’’سیوا پرمو دھرم‘‘ کا نعرہ بھی دیا ہے اور خود کو پردھان سیوک قرار دیتے ہوئے اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ انہوں نے اپنا ہر دن، ہر پل اور جسم و روح کا ہر حصہ اپنی پوری ایمان داری کے ساتھ عوام کیلئے وقف کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم مودی نے ایک سال کے دوران مختلف ممالک کے دوروں پر وقت صرف کیا ہے اور اب بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے رام مندر کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ اس طرح اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے مودی سرکار اور بی جے پی پر آئے دن نت نئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا فیصلہ ہی اس خصوص میں کلیدی اہمیت کا حامل ہوگا۔