ناٹنگھم میں آج چوتھے ٹسٹ کا آغاز ، انگلینڈ سیریز پر قبضہ کا خواہاں

کلارک کا ناقص فام آسٹریلیا کیلئے تشویش کا باعث

ناٹنگھم ۔ 05 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ایشز سیریز کے آغاز سے قبل کئی قسم کی پیش قیاسیاں کی جارہی تھیں لیکن ممکن ہے کہ کل یہاں ٹرینٹ برج میں سیریز کے چوتھے ٹسٹ میں انگلش ٹیم کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز پر قبضہ کرسکتی ہے جیسا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کل یہاں چوتھے ٹسٹ کا آغاز ہورہا ہے ۔ تیسرے ٹسٹ میں آٹھ وکٹوں کی شاندار کامیابی کے ذریعہ انگلینڈ نے سیریز میں 2-1 کی سبقت بنالی ہے اور آئندہ دو مقابلوں میں ایک کامیابی کے ذریعہ اسے ایشز سیریز پر دوبارہ قبضہ کرنے کا موقع مل جائے گا ۔ سیریز میں ردھم انگلش ٹیم کے حق میں ہے حالانکہ میزبان ٹیم کے مظاہرے استقلال کے ساتھ عدم استقلال کا ثبوت ہے جیسا کہ گزشتہ 7 مقابلوں میں انگلش ٹیم نے کامیابی ، شکست ، کامیابی ، شکست ، کامیابی ، شکست ، کامیابی حاصل کی ہے ۔ دریں اثناء انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے کہاہے کہ ایک عرصہ سے ہماری ٹیم استقلال کے ساتھ عدم استقلال کا مظاہرہ کررہی ہے اور ہمیں اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ٹرینٹ برج میں اگر انگلش ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے تو اسے متواتر چوتھی مرتبہ اپنی سرزمین پر ایشز سیریز میں کامیابی کا موقع مل جائے گا ۔ حالانکہ 18 ماہ قبل آسٹریلیا نے اپنی سرزمین پر 5-0 کی کامیابی حاصل کی تھی اور وہ اس سیریز میں بھی کامیابی کیلئے پسندیدہ ٹیم تصور کی جارہی تھی جس کی ایک اہم وجہ ونڈے ورلڈ کپ میں ٹیم کا عالمی چمپیئن بھی بننا ہے ۔ پہلے ٹسٹ میں ناکامی کے بعد آسٹریلیائی ٹیم نے لارڈس پر کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں 405 رنز کی شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں واپسی کی تھی لیکن تیسرے ٹسٹ میں اندرون تین دنوں کی شکست نے پھر ایک مرتبہ اسے سیریز میں پیچھے ڈھکیل دیا ہے ۔ ٹرینٹ برج کی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے شاندار تصور کی جاتی ہے جہاں میزبان ٹیم کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے 20 سے کم کی اوسط کے ساتھ 8 مقابلوں میں 53 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ لیکن وہ چوتھے ٹسٹ میں زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں۔ جانسن نے اس خصوص میں کہاہے کہ انگلش ٹیم کو اپنے اہم بولر اور خاص کر ٹرینٹ برج میں شاندار ریکارڈ کے حامل اینڈرسن سے محروم ہونا ایک بڑا نقصان ہے ۔ ممکن ہے کہ مارک ووڈ اینڈرسن کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے جائیں گے جو پیر کے زخم کی وجہ سے تیسرے ٹسٹ میں شرکت نہیں کرپائے تھے ۔ ووڈ نے پیر اور منگل کو نٹ پریکٹس کی ہے لیکن آخری وقت تک اینڈرسن کے متبادل کا فیصلہ ممکن ہے چونکہ لیام پلنکٹ اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مارک فوٹیٹ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

بیٹنگ شعبے میں اوپنر ایڈم لیتھ جنھوں نے سیریز کے دوران تاحال صرف 12 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں ان کی شمولیت یقینی ہے ۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم کیلئے اپنے کپتان مائیکل کلارک کا ناقص فارم تشویش کا باعث ہے۔ کلارک نے تین ٹسٹ مقابلوں کی چھ اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی طورپر 100 رنز بھی نہیں بنائے ہیں اس کے باوجود انھوں نے سبکدوشی کے قیاس کو مسترد کردیا ہے۔ ٹیلی گراف کیلئے لکھے گئے مضمون میں انھوں نے کہا کہ وہ نہ صرف اس سیریز بلکہ اس کے آگے بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کے خواہاں ہیں لیکن یہ فارم سے مشروط ہے ۔ علاوہ ازیں براڈ ہاڈن کی شمولیت کا بھی امکان نہیں کیونکہ نوجوان وکٹ کیپر پیٹر نیول کے مظاہرے بہتر ہیں۔ بولنگ شعبہ میں پیٹر سیڈل کی واپسی کا امکان ہے جبکہ ایڈم ووجس کے مقام پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے ۔