ناندیڑ۔25مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا (WPI)کے نامزد اُمیدوار فیروز خان غازی (ضلع صدر) نے اپنے سینکڑوں ڈبلیو پی آئی کے ورکرس کے ہمراہ آج دوپہر میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس سے قبل پیر برہان، شیواجی نگر، نئی آبادی سے ایک عظیم الشان عوامی ریالی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈبلیو پی آئی کے عبدالقدیر (یوتھ اسٹیٹ سیکریٹری)، اسلم خان (سیکریٹری) ،سمیر پٹھان ( پی آراو) کے علاوہ اردھا پور تعلقہ کے کئی نوجوانوںکے علاوہ شہر کے سینکڑوں ورکرس نے اپنی شرکت درج کی۔واضح رہے کہ فیروز خان غازی ایک ملنسار اور خوش مزاج طبعیت کے مالک ہیں اور وہ عوام میں کافی مقبول بھی ہے۔اس موقع پر فیروز خان غازی نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا کہ اس ملک کے اقلیتوں کو بالخصوص مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فساد مخالف بل کا نفاذ عمل میں لایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسی طرح بے قصور جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے مسلم نوجوانوں کو ٹاڈا ، پوٹا، مکوکا جیسے ظالم قوانین سے بچانا یہ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا (WPI)کے عزائم میں شامل ہے۔ اسی طرح مکمل انصاف پارٹی کا بُنیادی نعرہ ہے اور وہ ایک ایسی فلاحی ریاست کیلئے کوشاں رہے گی جس کی بُنیاد اخلاقی قدروں ، عدل ، مساوات ، غریب پروری ، اخوت اور حقیقی جمہوریت پر ہو۔ پارٹی ایک ایسی سیات کو ملک میں فروغ دینا چاہے گی جو اعلی اخلاقی قدروں پر مبنی ہو۔ اور جرائم ، کرپشن ، خود غرضی ، مفاد پرستی اور تنگ نظر عصبیتوں سے بالکلیہ پاک ہو۔ شہر ناندیڑ میں مسلم علاقوں میں انتخابی جلسے منعقد ہورہے ہیں لیکن عوام ابھی تک الیکشن کی سر گرمیوں میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ 29مارچ کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہے۔ اس لئے 30مارچ سے اصل انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔
٭ ٭ ٭