ناندیڑ میں 8 کروڑ 82 لاکھ کے مصارف سے عالیشان اردو گھر کی تعمیر

ناندیڑ۔9جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان نئی دہلی کے مالی تعاون سے انصاف ایجوکیشن ، ویلفیئر اینڈ کلچرل سوسائٹی ناندیڑ کے زیراہتمام ۴؍جنوری کی شب ۸؍بجے شنکر رائو چوہان سبھاگرہ اسٹیڈیم ناندیڑ میں کل ہند قومی یکجہتی مشاعرے کا منعقد کیاگیاتھا ۔ مشاعرے کا افتتاح مہاراشٹرکے مملکتی وزیر برائے اعلیٰ و طبی تعلیم ڈی پی ساونت کے ہاتھوں شمع روشن کرکے عمل میں آیا ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ناندیڑ حلقہ کے رکن پارلیمنٹ بھاسکررائوپاٹل ، ناندیڑ شہر جنوب حلقہ کے رکن اسمبلی اوم پرکاش پوکرنا ، ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے میئر عبدالستار، ڈپٹی میئر آنندچوہان ، میونسپل کارپوریشن کے ہائوس لیڈر وریندرسنگھ گاڑی والے ، سابقہ ڈپٹی میئر عبدالصمد ، سابقہ چیئرمین دلیپ کندکرتے ، سابقہ ڈپٹی میئر عبدالشمیم ، بسمت بلدیہ کے سابقہ صدر عبدالحفیظ باغبان نے شرکت کی۔ مشاعرے کی صدارت کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ مہاراشٹر کے نائب صدر الحاج مسعود احمد خان نے فرمائی ۔ انصاف ایجوکیشن ،ویلفیئر اینڈ کلچرل سوسائٹی ناندیڑ کے سیکریٹری منتجب الدین نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے مشاعرے کے انعقاد کے متعلق روشنی ڈالی ۔ منتجب الدین نے صدرمشاعرہ سمیت تمام مہمانوں کی شال ، مومنٹو پیش کرکے گلپوشی کے ذریعے ان کااستقبال کیا ۔

مہمانان خصوصی کے ہاتھوں شعراء کرام کی گلپوشی کرکے انہیں بھی شال اور مومنٹو پیش کیاگیاساتھ ہی ناندیڑ میں اُردو کی خدمت انجام دینے والے مقامی اُردو اخبارات کے ایڈیٹران اور بیرونی اخبارات کے نمائندوں کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ضلع انچارج وزیر ڈی پی ساونت کے ہاتھوں انہیں بھی تہنیت پیش کی گئی ۔ شال ،مومنٹو پیش کرکے اُردو صحافیوں کا خیرمقدم کیاگیا ۔ انصاف ایجوکیشن ویلفیئر اینڈ کلچرل سوسائٹی کے سیکریٹری منتجب الدین جو روزنامہ ناندیڑ ٹائمز کے چیف ایڈیٹرہیں انہیں حکومت مہاراشٹر کے اُردو ساہتیہ اکیڈمی نے ۲۰۱۱ء کے ہارون رشید صحافتی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے اور ناندیڑ بلدیہ کے سابقہ چیئرمین مسعود احمد خان کی حال ہی میں مہاراشٹراسٹیٹ کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کے نائب صدر عہدہ پر نامزدگی عمل میں آئی تھی ۔ اس لئے ان دونوں حضرات کی اہلیان ناندیڑ کی جانب سے اس موقع پر کثرت سے گلپوشی کرکے انہیں مبارکباد پیش کی گئی ۔ اس موقع پرناندیڑ حلقہ کے ایم پی بھاسکررائوپاٹل نے کہا کہ مرکزی حکومت کے تحت آنے والے قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان کی جانب سے اُردو کی ترقی کیلئے موثر اقدامات انجام دئیے جاتے ہیں ۔ یہ ادارہ ملک بھر کی مختلف تنظیموں کو سیمینار ، ورکشاپ ، مشاعرہ ، کانفرنس کیلئے مالی تعاون فراہم کرتاہے اس کے علاوہ کونسل کی جانب سے اُردو زبان کے مختلف کورسس بھی چلائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کونسل کے کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ ناندیڑ میں بھی بڑی تعداد میں اُردو داں طبقہ موجود ہے ۔ ناندیڑ ضلع انچارج وزیر ڈی پی ساونت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُردو ایک شیریں زباں ہیں جو پڑھنے اور بولنے میں کافی پیاری لگتی ہے ۔ ڈی پی ساونت نے کہا کہ تقریباً۴؍سال قبل مہاراشٹرمیں اس وقت کے چیف منسٹر اشوک رائو چوہان نے ناندیڑ میں اُردوگھر تعمیر کرنے کا اعلان کیاتھا ۔ ابتداء میں اُردو گھر کیلئے ۵؍کروڑروپئے فنڈ منظور کیاگیاتھا گزشتہ دنوں میونسپل کارپوریشن نے دیگلور ناکہ سے قریب گنج روڈ پر اراضی فراہم کی ہے جہاں پر عالیشان اُردو گھر تعمیر ہوگا۔ اُردو گھر کیلئے گزشتہ دنوں ۸؍کروڑ۸۲؍لاکھ روپئے کے ٹینڈر کو بھی چیف سیکریٹری کی کمیٹی نے منظوری دے دی ہے اور جلد ہی اُردو گھر کا تعمیری کا م بھی شروع ہوگا۔ ڈی پی ساونت نے کہا کہ ناندیڑ میں بڑی تعداد میں اُردوداں طبقہ موجود ہے ۔

سابق میں مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم افراد بھی اُردو میں تعلیم حاصل کرتے تھے اور کئی غیر مسلم افراد آج بھی اُردو جانتے ہیں ۔ ناندیڑ کی ترقی میں اُردو اخبارات کی خدمات کی انہوں نے اس موقع پر ستائش کی ۔ اس قومی یکجہتی مشاعرے کے آغاز پر مدھیہ پردیش ، بھوپال سے آئے ہوئے نعیم اخترنے نعتیہ کلام پیش کیا ۔ مالیگائوں کے آزاد انور نے بھی اپنا کلام پیش کیا ۔ گجرات سے آئے ہوئے اُمی احمدآبادی نے موجودہ حالات پر اپنے اشعار پیش کئے اور مشاعرے میں کافی داد حاصل کی ۔ حامد بھساولی مہاراشٹر ، جلال مئے کش مدھیہ پردیش ، آصف اخترا ُترپردیش کے بھی کلاموں کو حاضرین نے بہت پسند کیا ۔ حیدرآباد آندھراپردیش سے آئے ہوئے مزاحیہ شاعر معین امر بمبو نے بھی اپنے مزاحیہ کلام سے حاضرین کو ہنسنے پر مجبور کردیا ۔ مشاعرے کے دوسرے دور میں نعیم اختر، حامد بھساولی ، اُمی احمد آباد ی کو لوگوں نے کافی دیر تک سنا اور انہیں کافی داد دی ۔ مشاعرے کی نظامت کے فرائض ناندیڑ کے مشہور شاعر فیروز رشید نے بخوبی انجام دی ۔ مشاعرے کے اختتام پر صدرجلسہ مسعود احمد خان نے تمام حاضرین اور شعراء کرام کا شکریہ ادا کرکے مشاعرے کے اختتام کااعلان کیا ۔ قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان نئی دہلی اور انصاف ایجوکیشن ویلفیئر اینڈ کلچرل سوسائٹی ناندیڑ کی جانب سے منعقدہ اس کل ہند قومی یک جہتی مشاعرہ میں ناندیڑ ضلع کے علاوہ ہنگولی ، پربھنی ، جالنہ ، اورنگ آباد ، لاتور وغیرہ سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی ۔