ناندیڑ ۔20اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ ضلع میں ان دنوں شدید گرمی سے ہرشخص پریشان حال ہے۔ ناندیڑ میں درجہ حرارت 42ڈگری سیسلیس تک پہنچ گیا ہے۔ گرمی کی شدت سے شہر ناندیڑ کے کنویں و بورویل سوکھے پڑ گئے ہیں جس کے سبب شہریوں کو پانی کیلئے در بدر بھٹکنا پڑ رہا ہے۔ ناندیڑ ضلع میں 171 پانی کے ٹینکروں کی مدد سے عوام الناس کو پینے کے پانی کی سربراہی کی جارہی ہے۔ضلع کے 11تعلقوں میں قلت آب کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے۔ ضلع کے اردھا پور ، عمری ، بلولی ، دھرم آباد اور ماہور تعلقوں کو چھوڑ کر 11تعلقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت محسوس کی جارہی ہے۔نا ندیڑ ضلع میں محکمہ ضلع پریشید کی جانب سے 171 پانی کے ٹینکروں کی مددسے سربراہی آب کی جارہی ہے جس میں 124ٹینکر س پرائیویٹ ہیں جبکہ صرف 47ٹینکرس ہی سرکاری ہیں۔دیہی علاقے میں لوہا، قندھار ، کنوٹ ، شیوڑی کے دیہی علاقوں میں ٹینکر کے ذریعہ پانی کی سربراہی کی جارہی ہے۔ ناندیڑ میں زیر زمین سطح آب میں کمی آنے سے کئی بور ویل بند پڑ گئے ہیں جس کے سبب پینے کے پانی کیلئے شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے پاس پانی کے ٹینکر کی تعداد بہت کم ہے جس کے سبب شہر کے کئی علاقوں تک پینے کا پانی فراہم نہیں ہورہا ہے ،جس کے باعث شہریوں کو پینے کے پانی کیلئے در در بھٹکنا پڑ رہا ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ شہر کے ہر وارڈ میں عین گرما کے موسم میں تین دن کے بجائے ایک دن کے وقفہ سے سر براہی آب کی جائے یا پھر دیہی علاقوں میں ٹینکروں کی مدد سے ایک دن وقفہ سے پانی کی سربراہی کی جائے۔ شہر کے گنجان آبادی والے علاقے میں شامل ملت نگر، اسلام پورہ، قدوائی نگر، ان علاقوں کے بور ویل شدید گرمی کے سبب سوکھے پڑ گئے ہیں۔ وہاں کے ساکنان کا مطالبہ ہے کہ ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے محکمہ ضلع پریشد کی جانب سے ایک دن وقفہ سے ٹینکر کے ذریعہ سے پینے کا پا نی شہریوں کو فراہم کرے۔ ناندیڑ میں شدید گرمی کے سبب چہل پہل والے علاقوں کی سڑکیں دوپہر میں سنسان نظر آرہی ہیں اور شہریان دھوپ کی شدت میں اپنی پیاس بجھانے کیلئے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کررہے ہیں اور کول ڈرنکس کاکاروبار زوروں سے چل رہا ہے۔ ناندیڑ جیسے بڑے آبادی والے شہر میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہونا مشکل ہے اس جانب میونسپل کارپوریشن کی توجہ ضروری ہے۔ ابھی موسم گرما کے دیڑھ ماہ باقی ہیں۔ اپریل ، مئی اور جون 2015ء میں اگر پینے کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ خوش اسلوبی سے ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے محکمہ ضلع پریشد نے حل نہیں کیا تو پھر آئندہ دنوں ضلع میں ایسے کئی مظاہروں اور احتجاج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔