ناندیڑ میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی ٹریننگ

ناندیڑ۔16مارچ(سیاست ڈسڑکٹ نیوز) عام انتخابات میں رائے دہی کیلئے استعمال کی جانیو الی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو استعمال کرنے کے طریقہ کار سے ماسٹرٹرینرس کو پروجیکٹ سربراہ وایڈیشنل کلکٹر دلیپ سوامی نے جمعہ کو ضلع کلکٹر یٹ کے بچت بھون میں تربیت دی۔ ناندیڑضلع کے 9 اسمبلی حلقہ جات میں36 ماسٹر ٹرینرز کو نامزد کیاگیاہے۔ اس ٹریننگ میں مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق کنٹرول روم کے سربراہ راجندر کندارے، سب ڈویڑنل آفیسر واسسٹنٹ الیکشن ریٹرننگ آفیسر جے راج کاربھاری، پروفیسر منیش پردیسی ، شیواجی سون ٹکے نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تکنیکی امور ، اس کو جوڑنے میں درپیش مشکلات اور اس پر کیے جانے والے اقدامات ، مشین کو سِل کرنے، کھولنے کے تعلق سے عملی طورپر رہنمائی کی۔ ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر 15امیدواروں کا بیلٹ پیپر ہوگا، اس سے زیادہ اْمیدوار ہوں تو دوسری الیکٹرانک ووٹنگ مشین کانظم کیاجائے گا۔ ایک رائے شماری مشین میں زیادہ سے زیادہ 24امیدواروں تک چار ووٹنگ مشین منسلک کی جاسکتی ہیں۔ مراکز رائے دہی پر ہونے والی رائے دہی کا ہرگھنٹہ میں ہونے والی رائے دہی کی تعداد کا مشاہدہ مرکز رائے دہی آفیسر کرسکتے ہیں۔

ایک رائے دہندہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیلئے سینٹر آفیسر اجازت دینے کے بعد 16 سیکنڈ میں یہ کارروائی مکمل ہوجائے گی۔ رائے دہی کے دن عملی طورپر رائے دہی کے آغاز سے نصف گھنٹہ قبل سینٹر چیف کو مراکز رائے دہی کے افسران ،ملازمین، امیدوار ان کے نمائندوں اور رائے دہندوں کے روبرو عملی طورپر مشین کی جانچ کریں۔ ووٹنگ مشین سیل کرتے ہوئے مقررہ وقت میں رائے دہی کی کارروائی کاآغاز کریں۔ اس کارروائی کا سرٹیفکیٹ سینٹر چیف پر لازم ہے کہ الیکشن ریٹرننگ آفیسر کو پیش کردے۔ضلعی سطح پر تربیت حاصل کردہ36 ماسٹر ٹرینرز 9 اسمبلی حلقہ جات کے ملازمین کو تربیت فراہم کریں گے۔ رائے دہندوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی معلومات فراہم کرنے کیلئے ہر اسمبلی حلقہ میں ایک مستقل طورپرروم قائم کیاگیاہے۔ ہر اسمبلی حلقہ کے مستقر پر یہ اسکواڈ کارکرد رہے گا۔