ناندیڑ۔یکم مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ شہر کے دیگلور ناکہ مال ٹیکڑی روڈ پر واقع ٹرنچنگ گرائونڈ کی اراضی پر کھیل میدان اور گارڈن بنائے جانے کا مطالبہ میونسپل کارپوریشن سے کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کے آج اس علاقے میں گھر کول اسکیم میں تعمیر مکانات کو مالکان کے سپرد کیا گیا ور ٹرنچنگ گرائونڈ کے قریب میں تعمیرکردہ نئی پانی کی ٹانکی کا افتتاح مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک رائو چوہان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔مزید تفصیلات کے بموجب ٹرنچنگ گرائونڈ علاقے میں جے۔ این ۔ این ۔ یو ۔ آر ۔ ایم 2کے تحت نئی پانی کی ٹانکی اور برہمپوری کے علاقے میں تعمیر کردہ 101گھر کول کے مالکان کو مکان تفویض کئے گئے۔وزیر رابطہ ڈی پی ساونت کی صدرات میں منعقد ہ اس جلسہ میں رُکن اسمبلی اوم پرکاش پوکرنا،
امرناتھ راجور کر، رام پرساد بوڑیکر، میئر عبدالستار ، ڈپٹی میئر آنند چوہان ، کارپوریشن کے کمشنر جی شری کانت، ضلع پریشد کے صدر دلیپ پاٹل بیٹ موگریکر ہائوس لیڈر سردار وریندر سنگھ گاڑی والے اور گروپ لیڈر سید شیر علی وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر سابقہ وزیر اعلیٰ اشوک چوہان نے علامتی طور پر 14مالکان کو گھر کول میں تعمیر کئے گے مکانات کی چابی سپرد کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں انتظامیہ نے 3-3نئی پانی کی ٹانکیاں تعمیر کی ہیں،راستے کشادہ کئے گئے ہیں۔ نیز گھر کول اسکیم کے تحت 12ہزار خاندان کو مکانات مہیا کرنے کے منصوبہ پر عمل در آمد ہے۔ اس موقع پر التواء میں پڑے تعمیر ی کاموں میں تیزی لائے جانے کے احکامات بھی سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان نے دئیے۔