ناندیڑ میں عید کی تیاریاں تیز، بازاروں کی رونق دوبالا

ناندیڑ۔26جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ شہر کے بازاروں میں عید الفطر کے نزدیک آتے ہی مسلمانوں نے عید کی تیاریاں تیز کردی ہیں جس کی وجہ سے مسلم بازاروں کی رونق دوبالا ہوگئی ہے۔ شہر کے منیار گلی ، چوک ، صرافہ ، وزیر آباد، کلا مندر ، شیواجی نگر میں بڑے پیمانے پر خرید و فروخت ہورہی ہے۔ شہر کے منیار گلی بازار میں پردہ نشینوں کی تعداد چوڑیوں کی خریدی میں بہت زیادہ نظر آرہی ہے۔ ماہ صیام کے آغاز پر ہی لوگ عید کی تیاریاں شروع کردیتے ہیں۔ ابتدائے مرحلے میں شہر کے ٹیلروں سے کپڑے سلوانے کیلئے خریداری ہوتی ہے لیکن اب عید میں چند روز ہی باقی ہیں اس لئے ریڈی میڈ ملبوسات پر زیادہ زور دیا جارہا ہے۔لڑکے ہوں یا لڑکیاں وہ ریڈی میڈ کپڑوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں جس کی وجہ سے مسلم علاقوں میں بھی ریڈی میڈ کپڑوںکی دُکانیں کھل گئی ہیںجہاں دیر تات تک خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ لڑکیاں اپنے سوٹ کی میچنگ سے چوڑیاں خرید رہی ہیں۔ بچیوں کیلئے بھی ایک سے ایک دیدہ زیب فراکیں بازار میں دسیتاب ہیں۔ امسال گجراتی ، انار کلی پنچابی فراک کی دھوم ہے۔ چپل و جوتوں کی بھی خرید و فروخت بڑے پیمانے پر ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ سوئیں ، سوکھے میوے ، کراکری ، پردے ، صوفہ کور وغیرہ بھی خریدے جارہے ہیں۔ شہر کے اطراف و اکناف میں بھی عید کی خریداری بڑے پیمانے پر کی جارہی ہے۔ امرا برانڈ یڈ کمپنیوں کے کپڑے اور چپل و جوتوں کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ عطر کا کاروبار بھی اپنے شباب پر ہے۔ لوگ اپنی پسند کی خوشبو والے عطر خریدتے دیکھے جارہے ہیں۔