ناندیڑ۔16جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خادمین امت کے مقبول عام پروگرام ’’سیرت ؐ پروگرام -۷‘‘کا مورخہ ۱۲؍جنوری ۲۰۱۴ء بمقام عیدگاہ گراؤنڈ ناندیڑ پر دوڑ اور کبڈی کے مقابلوں سے شاندار آغاز عمل میں آیا۔ اس موقع پر امیر خادمین اُمت نے طلباء سے پڑھائی میں سخت محنت کرنے کے ساتھ ہی حفظان صحت پر خصوصی توجہ دینے ، جسمانی تربیت کو اولیت دینے اور موجودہ پُرفتن دور میں اپنی جان، مال، اور آبروؤں کے دفاع اور تحفظ کیلئے درکار صلاحیتوں کوحاصل کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔ افتتاحی تقریب کاآغاز اعجاز حسین کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس موقع پر خادمین اُمت کے معتمد محمدداؤد ، ارکان شوریٰ محمد اسماعیل ، محمد نیر، عبدالسلام موجود تھے۔ گرین پینتھر ، فزیکل فٹنس اینڈر مارشل آرٹس اور ناندیڑ ڈسٹرکٹ موئی تھائی اسوسی ایشن کوچ وصدر شیخ رحیم نے طلباء کوکھیل کے رولس بتائے۔ سب سے پہلے ہائی اسکول کے طلباء کی دوڑ(۱۰۰؍میٹر) کا آغاز ہوا۔ جس میں اقراء اُردوہائی اسکول کے طالب علم عبدالسجیل عبدالرؤف نے اول، اسی اسکول کے محمد مبشر علی خان دوم اور حضرت عمر فاروق ہائی اسکول کے محمد اشفاق نے سوم مقام حاصل کیا۔ جبکہ فیاض خان حضرت عمر فاروق ہائی اسکول اور محمد سہیل اقراء اُردو ہائی اسکول ترغیبی انعام کے مستحق ٹھہرے۔ کالج گروپ سے ۲۰۰؍میٹر دوڑ میں محمد مصدق ،محمد الطاف حسین یوسفیہ جونیئرکالج نے اول ، ثناء کالج کے محمد ذیشان محمدیٰسین نے دوم جبکہ ذکریٰ خان ،جاوید خان فیض العلوم جونیئر کالج نے سوم جیت درج کی۔ والینٹرس کیلئے بھی ۲۰۰؍میٹر دوڑ کامقابلہ اس بار رکھا گیا ۔
جس میں اعجاز حسین قریشی رحیم نگر اول، محمد مہروز دوم اور محمد سہیل سوم نے درج کی۔ بعداز دوڑ کبڈی کے مقابلے کا آغاز ہوا۔ طلباء نے بہترین کھیل کامظاہرہ کیا۔ ہائی اسکول گروپ سے ثناء ہائی اسکول کی ٹیم اول رہی اور اقراء ہائی اسکول کو دوسرے مقام پر اکتفا کرنا پڑا۔ کالج گروپس سے بھی ثناء جونیئرکالج کی ٹیم نے وسنت راؤ کالے سینئر کالج کے طلباء کو شکست دی اور اول مقام حاصل کیا۔ وہیں والینٹرس گروپ میں خالد بن ولید ٹیم نے محمد بن قاسم ٹیم کو ہراکر جیت درج کی۔ ان مقابلوں کے انعقاد میں ندیم خان، مجاہد، نورپاشاہ، زؤف خان، محمدمہروز ، شیخ غوث ، محمد اختر ، محمد سلمان، فیصل جوننیئر، سید جمیل ، شیخ سلمان وغیرہ نے کڑی محنت کی۔