ناندیڑ۔ 7 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ناندیڑشہر کی 123عمارتیں ایسی ہیں جو کسی بھی وقت زمین دوز ہوسکتی ہیں۔ عمارتوں کے مہندم ہونے کے باعث بڑی تعداد میں جانی ومالی نقصان ہوسکتا ہے۔موسم بارش میں ان عمارتوں کے مہندم ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہ ہو، اس لئے ناندیڑ واگھالہ شہرمیونسپل کارپوریشن نے ان عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کردی ہیں۔ اگر مالکان ان عمارتوں کا انہدام نہیں کریں گے تو پھر میونسپل کارپوریشن ان عمارتوں کے مکینوں کے خلاف سخت کاروائی کو روبہ عمل میں لائے گی۔ اس معاملے میں ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے فیروز خان غازی (ضلع صدر) و دیگر ذمہ داران کی جانب سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں مخدوش نظر آنے والی عمارت کو خطرناک قرار دے کر اسے نوٹس دے کر اپنی جان چھڑا لیتی ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مکینوں کو یہ بھی معلومات دے کہ اس نوٹس کے بعد انہیں کیا کرنا چاہئے۔میونسپل کارپوریشن کے حکام اس قدر گھبرائے ہوئے ہیں کہ ہر اس عمارت کو مخدوش ہونے کا نوٹس جاری کردیتے ہیں جن کا معمولی پلاسٹر بھی نکل گیا ہے۔ اس کے ذریعے دئیے گئے نوٹس میں کوئی معلومات نہیں ہوتی کہ نوٹس ملنے کے بعد انہیں کیا کرنا ہے۔فیروز خان نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام محض مکینوں کو عمارت خالی کرنے پر ہی زور دیتے ہیں جبکہ اصولا ً انہیں یہ معلومات دینی چاہے کہ وہ کسی آڈیٹر سے عمارت کی مضبوطی کی جانچ کرواسکتے ہیں اور قابل مرمت ہونے پر اس کی مرمت بھی کرواسکتے ہیں۔ وہیںناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ان عمارتوں کے منہدم کرنے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ رواں مانسون کا مہینہ جاری ہے اور شہر میں موسلا دھار بارش ہونے کی صورت میں یہ عمارتیں کبھی بھی زمین دوز ہوسکتی ہے۔ جس کے سبب بڑی تعداد میں جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے۔ناندیڑ واگھالہ شہرمیونسپل کارپوریشن کے کمشنر جی شری کانت نے گزشتہ روزایک اجلاس طلب کر شہر میں کھڑی مخدوش عمارتوں سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ طلب کی تھی۔ جس میں ڈپٹی کمشنر اویناش اٹکورے نے شہر میں123مخدوش عمارتیں ہونے کی اطلاع دی۔ شیواجی نگر ، اشوک نگر میں ایک عمارت مخدوش ، اتوارہ علاقہ میں 17عمارتیں ِ،وزیر آباد علاقہ میں 28، سڈکو ، ہڈکو علاقہ میں 50، تروڑہ میں 26مخدوش عمارتیں ہیں۔ یہ معلومات ڈپٹی کمشنر اویناش اٹکورنے دی ہیں۔ گزشتہ سال شیواجی نگر علاقہ میں 6عمارتوں کو میونسپل کارپوریشن نے منہدم کیا تھا۔ فیروز خان کے ہمراہ دیگر ذمہ داران نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں کھڑی مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو مکمل معلومات دے۔