عادل آباد /28 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ناندیڑ ریلوے ڈیویژن کے تحت آئندہ ماہ سے تین جدید ٹرین چلائے جارہے ہیں یہ بات مسٹر پی سی شرما ڈیویژن ریلوے منیجر نے مستقر عادل آباد ریلوے اسٹیشن میں میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر مسٹر ایس ایس راج کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ موصوف نے عادل آباد میں ’’سوچھ ریلوے سوچھ بھارت ‘‘ پروگرام کے تحت شرکت کی تھی ۔ قبل ازیں ریلوے اسٹیشن کے اطراف و اکناف تمام عہدیداروں نے کچرے کی صفائی کا کام انجام دیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے مخاطب ہوکر مسٹر شرما نے کہا کہ ناندیڑ تا بیکانیر ، ناندیڑ تا اورنگ آباد ، ناندیڑ تا رینی گنٹہ ٹرینوں کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ ناندیڑ ڈیویژن کے تحت پائے جانے والے تمام ریلوے اسٹیشن پر عوام کی خاطر پینے کا صاف اور شفاف پانی ، بیت الخلاء اور رات میں ٹہرنے کیلئے سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں ۔ ناندیڑ اور عادل آباد میں ’’ یوگا ‘‘ کے کیمپ کا انعقاد بھی عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ریلوے ڈیویژن منیجر کی توجہ مستقر عادل آباد کے قلب سے گذرنے والی ریلوے لائین سے عوام کو ہونے والی دشواریوں سے واقف کراتے ہوئے Tamsi بس اسٹیشن کے قریب ریلوے اور برج تعمیر پر کرائی گئی جس پر موصوف خواطر خواہ بات کرنے سے قاصر رہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ Tamsi بس اسٹیشن کے قریب ریلوے لین پر اور بریج تعمیر کرنے کی خاطر مقامی افراد نے کافی جدوجہد کیا تھا انتخابات کے دوران سیاسی قائدین مقامی افراد کو تیقن دے کر تائید حاصل کیا کرتے ہیں ۔ زائد از پندرہ سال سے اس طرز کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہر کے قلب سے ریلوے لین ہونے کے بناء پر آبادی دو حصوں میں منقسم ہوکر رہ گئی ہے ۔ اور جبکہ عادل آباد سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں کافی اضافہ ہوچکا ۔ پاسنجر ٹرین کے علاوہ گڈس ٹرینوں کی کثرت کے بناء پر نصف گھنٹہ میں ایک مرتبہ ریلوے گیٹ بن ہونے کے بناء پر ٹریفک منجمد ہو جاتی ہے ۔ جس کو بحال کرنے چار ٹریفک پولیس جوان خدمات انجام دیا کرتے ہیں ۔ ہنگامی صورتحال میں گذرنا کافی دشوارکن ہوا کرتا ہے ۔ جبکہ متبادل کوئی دوسرا راستہ نہیں جس سے عوام کو گذرنے میں آسانی ہوسکے ۔