ناندیڑ بلدیہ کے معطل ملازمین کو دفتر میں حاضر رہنے کی ہدایت

ناندیڑ۔/15مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے مختلف دفاتر میں اپنی خدمات انجام دینے والے وہ قصور وار ملازمین جو اپنے کاموں میں عدم توجہی ، تساہل کے علاوہ دیگر کئی وجوہات کی بناء پر معطل قرار دئیے گئے ہیں ۔ایسے کل 34معطل ملازمین کو ٹرینگ سبھا گرہ ہال میں دفتر کے اوقات میں حاضر رہنے کی سخت ہدایات میونسپل کمشنر جی شری کانت نے جاری کی ہے۔کمشنر نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے یہ کہا کہ جن ملازمین کو معطل کیا گیا ہے اُنہیں بائیو میٹرک طریقہ سے حاضری دینی ضروری ہے جس کے ذریعہ سے آئندہ دنوں معطل ہونے والے ملازمین پر کڑی نظر رکھی جاسکے گی۔ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے مختلف دفاتر میں اپنی خدمات انجام دینے والے کئی ملازمین جو اپنی خدمات کو انجام دینے میں تساہل اور سُست روی کا مظاہرہ پیش کررہے تھے ۔ ایسے ملازمین کو ہی کمشنر نے معطل کیا تھا۔ کمشنر جی شری کانت کی اس طرح جاری کردہ ہدایات پر معطل ملازمین میں اچانک سے کھلبلی سے مچ گئی ہے۔باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے بموجب کچھ دنوں قبل ہی کمشنر جی شری کانت کو ایسی اطلاع موصول ہوئی تھی کہ معطل کردہ ملازمین وقت مقررہ پر دفتر میں حاضر نہیں ہورہے ہیں ۔ جس کے باعث میونسپل کمشنر جی شری کانت نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی ہے۔