ناناوتی کمیشن نریند رمودی کو بچانے قائم کیا گیا تھا ‘ کانگریس کا الزام

نئی دہلی 21 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے گجرات میں 2002 میں ہوئے منظم مسلم کش فسادات پر جسٹس ناناوتی کمیشن کی قطعی رپورٹ کو آج مسترد کردیا اور کہا کہ یہ کمیشن اس وقت کے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو بچانے کیلئے قائم کیا گیا تھا ۔ پارٹی ترجمان شکتی سنہہ گوہل نے کہا کہ جب کمیشن قائم کیا جارہا تھا اسی وقت انہوں نے کہا تھا کہ اس کی رپورٹ میں کچھ بھی سامنے نہیں آئیگا ۔ یہ کمیشن صرف نریندر مودی کو بچانے تشکیل دیا گیا تھا اور اس پر عوامی رقم ضائع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیشن کو ریاستی حکومت نے جلد بازی میں قائم کیا تھا تاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے کسی بھی کمیشن کے قیام کے امکان کو ختم کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاستی حکومت نے عوام ‘ استغاثہ اور جج کا رول ادا کیا تھا ۔ گجرات کے سابق سی ایل پی لیڈر نے الزام عائد کیا کہ اس کمیشن پر 12 سال تک عوامی رقم ضائع کی جاتی رہی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تحقیقات کے بدلے میں جسٹس ناناوتی کی مدد بھی کی گئی اور ان کے فرزند کو پبلک پراسکیوٹر بنادیا گیا ہے ۔ کانگریس لیڈر نے میڈیا کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ یہ رپورٹ چیف منسٹر آنندی بین پٹیل کو اس وقت پیش کی گئی جب اسمبلی اجلاس دو دن قبل ہی ختم ہوا تھا ۔ اپنی رپورٹ پیش کرنے کے ایک دن بعد جسٹس ناناوتی نے کہا تھا کہ اس وقت کے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو کمیشن میں اس لئے طلب نہیں کیا گیا تھا کیونکہ ان کے خلاف ثبوت و شواہد کافی نہیں تھے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ پینل نے مودی کو مسلم کش فسادات میں کلین چٹ دی ہے ۔

علاوہ ازیں کانگریس نے وزیر اعظم مودی کو صرف خوابوں اور جھوٹ کا سوداگر قرار دیا ہے اور سوچھ بھارت مشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں جب مودی چیف منسٹر تھے صورتحال مختلف تھی ۔ مرکزی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے تعلق سے سی اے جی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر گوہل نے کہا کہ جہاں وزیر اعظم نے صفائی کیلئے نوجوانوں کے ہاتھ میں جھاڑو تھمادی ہے اس محاذ پر گجرات بہت پیچھے ہے جہاں انہوں نے حکومت کی تھی ۔ انہوں نے کچھ کاغذات پیش کرتے ہوئے کاہ کہ اس وقت مرکزی حکومت نے گجرات کے 26 اضلاع میں مکمل سینیٹیشن مہم کے سلسلہ میں 2008 سے 2013 کے درمیان 702.39 کروڑ روپئے فراہم کئے تھے لیکن مودی نے چیف منسٹر رہتے ہوئے صرف 278.39 کروڑ روپئے کی خرچ کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صرف خواب اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ ایسا ماحول تیار کرتے ہیں کہ یہ خواب حقیقت میں بدل جائیں گے جبکہ ایسا کرنے کا نہ ان کا ارادہ ہے اور نہ خواہش ۔