حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ نامپلی میں پیش آئے قتل کی سنسنی خیز واردات میں ایک نوجوان کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 25 سالہ محمد سعید الدین ساکن فرسٹ لانسر کا بعض افراد نے نامپلی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے روبرو واقع فرنیچر شوروم کے قریب رات دیر گئے چاقو سے ضربات لگاکر اسے ہلاک کردیا۔ سعید الدین کی نعش خون میںلت پت پائے جانے پر آج صبح مقامی افراد نے نامپلی پولیس کو اس بات کی اطلاع دی جس کی نتیجہ میں موقع واردات پر کلوز ٹیم اور سراغ رسانی دستہ پہنچ گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سیف آباد مسٹر ونو گوپال ریڈی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ معائنہ کیا اور کلوز ٹیم نے مقام واردات سے چند اہم شواہد اکھٹا کئے ۔ ابتداء میں سعید الدین کی نعش کی شناخت نہیں ہوسکی تھی لیکن دوپہر میں اس کے شناخت ہوگئی ۔ پولیس نامپلی نے مقام واردات کے اطراف واکناف موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے اور ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ مقتول چار نامعلوم افراد کے ساتھ نامپلی پہنچا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سعید الدین کو چاقو سے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے اے سی پی سیف آباد ونو گوپال ریڈی نے کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ سعیدالدین کے ساتھیوں نے ہی اس کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعید الدین کو سابق میں بنجارہ ہلز پولیس نے رہزنی میں ملوث ہونے پر دو مرتبہ گرفتار کیا تھا ۔ نامپلی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا اور خاطیوں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی۔