نامپلی میں دوستوں کے ہاتھوں دوست کا قتل

حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) نامپلی ریلوے اسٹیشن پر نشہ کرنے والے افراد کی غیرقانونی سرگرمیاں ہنوز جاری ہیں جس کے نتیجہ میں آئے دن کئی وارداتیں رونما ہورہی ہیں۔ تازہ ترین واقعہ میں کرناٹک کے ضلع بیدر سے تعلق رکھنے والے ایک ہوٹل ملازم کا اُس کے ساتھیوں نے قتل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب 34 سالہ محمد غوث الدین ہوٹل ملازم تھا۔ آج دوپہر اُس کے ساتھی ملازمین 32 سالہ محمد شاہ اور 30 سالہ نیتن رمیش راؤ پاٹل جن کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے، آج کثرت سے شراب نوشی کی تھی جبکہ غوث الدین کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے کے نتیجہ میں وہ نامپلی ریلوے اسٹیشن کے آٹو اسٹانڈ پر بیٹھا ہوا تھا۔ اِسی دوران محمد شاہ اور رمیش راؤ وہاں پہونچ کر غوث الدین سے ہنسی مذاق شروع کیا اور کچھ ہی دیر میں یہ مذاق جھگڑے میں تبدیل ہوگیا۔ مذکورہ دونوں افراد نے غوث الدین پر حملہ کردیا اور اُسے ڈھکیل دیا جس کے نتیجہ میں وہ گر پڑا۔ مقامی عوام نے فوری پولیس کو طلب کیا اور اُسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ انسپکٹر پولیس نامپلی سبھاش چندر بوس نے بتایا کہ محمد شاہ اور رمیش راؤ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔