نامور طنز و مزاح نگار پرویز یداللہ مہدی کا انتقال

حیدرآباد 21 اگسٹ (پریس نوٹ) یہ خبر نہایت افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ بین الاقوامی شہرت کے حامل نامور طنز و مزاح نگار سید پرویز یداللہ مہدی ولد سید منور صاحب مرحوم کا ہندوستانی وقت کے مطابق سہ شنبہ 21 اگسٹ کو صبح چھ بجے شکاگو کے ہسپتال میں انتقال ہوگیا۔ طبیعت ناساز ہونے پر انھیں دواخانہ لے جایا گیا تھا۔ پرویز یداللہ مہدی پچھلے کئی سال سے اپنے افراد خاندان کے ساتھ شکاگو میں مقیم تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان سید گلریز مہدی، سید شہزاد ہدی اور ایک دختر سارہ تزئین شامل ہیں۔ ان کی سات کتابیں چھیڑ چھاڑ، چوڑی کے غلام، ٹائیں ٹائیں فش، کچوکے، ترکی بہ ترکی، تو تو میں میں (ڈرامے) اور ایک خود نوشت ’’دروغ برگردن راوی‘‘ شائع ہوچکی ہیں۔ ماہنامہ شگوفہ نے 2009 ء میں ایک خصوصی پرویز یداللہ مہدی نمبر شائع کیا تھا۔ پرویز زندہ دلان حیدرآباد کے ادبی اجلاسوں کے پسندیدہ اور کامیاب مزاح نگار تھے۔ حیدرآباد کے ادبی حلقوں میں انھیں خاصی مقبولیت حاصل تھی۔ پرویز یداللہ مہدی کی آرزو تھی کہ حیدرآباد میں پیوند خاک ہوں۔ چنانچہ میت کو حیدرآباد لانے کے انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔ مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر 9618018343 اور 8885761562 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔