نامناسب لباس،متھالی راج پر تنقید

نئی دہلی ۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج ہندوستان بھر میں بے حد مقبول ہیں لیکن انہیں اپنے لباس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ متھالی راج نے اپنے دوستوں کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شائع کی ہے جس میں وہ نامناسب لباس پہنی ہوئی تھیں اور ہندوستانی شائقین کو ان کی یہ ادا بالکل پسند نہیں آئی۔ایک صارف نے سوشل میڈیا پر متھالی کو مشورہ دیا کہ یہ تصویر درست نہیں اور میڈیم آپ یہ تصویر فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیں کیونکہ لوگ آپ کی تقلید کرتے ہیں لیکن لباس آپ کو ہرگز زیب نہیں دیتا۔ایک اور صارف نے لکھا کہ اس طرح کی تصویر پوسٹ کرنے سے پہلے آپ کو سوچنا چاہیے تھا کہ آپ ٹیم کی کپتان اور دیگر لڑکیوں کیلئے مثال ہیں۔جہاں کچھ لوگوں نے متھالی کے عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں ان کے چند چاہنے والوں نے اس تصویر کو بے ضرر قرار دیتے ہوئے ناقدین کو اپنی ذہنی سوچ بدلنے کا مشورہ دیا۔ایک خاتون نے لکھا کہ انسان کے کام سے وہ بڑا بنتا ہے، لباس سے نہیں۔اسی طرح ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ لباس ان کا انتخاب ہے اور وہ جو چاہے پہن سکتی ہیں۔ آپ اپنی سوچ بدلیں۔