حیدرآباد 20 جنوری ( پی ٹی آئی ) پرکاشم ضلع میں ایک 30 سالہ خاتون نا معلوم شخص کی جانب سے نذر آتش کردئے جانے کے بعد فوت ہوگئی ۔ کہا گیا ہے کہ کل رات ایک نامعلوم شخص نے اس خاتون کو رہزنی کا شکار بنانے کی کوشش کی تھی جس کی مزاحمت پر اس نے خاتون کو نذر آتش کردیا ۔ یہ واقعہ پوڈیلی ٹاؤن میں پیش آیا ۔ پولیس کے بموجب ایک نا معلوم ملزم نے سنیتا نامی خاتون کو اس وقت نذر آتش کردیا جب اس نے برقعہ پہنے ہوئے اس شخص کی جانب سے اس کے زیورات چھیننے اور اس کا گلا دبانے کی کوشش پر چیخ و پکار کی تھی ۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ معاملہ نفع کیلئے قتل کا معلوم ہوتا ہے تاہم تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوسکتی ہیں۔ پولیس کے بموجب ابھی تک حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی ہے کیونکہ وہ اس واقعہ کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ ملزم کی شناخت کیلئے کوششیں شروع کردی گئی ہیں اور پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔