حیدرآباد ۔ یکم اپریل، ( سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ سرور نگر میں نامعلوم افراد نے ایک شخص پر فائرنگ کردی ۔ اس واقعہ میں 55سالہ شخص شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کا یہ واقعہ آج دوپہر میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ میں 55سالہ شخص ناگاراجو شدید زخمی ہوگیاجس کے پیر اور پیٹھ میںتین گولیاں پیوست ہوگئیں۔ نامعلوم افرادنے آج اچانک ناگا راجو کے مکان میں زبردستی داخل ہوکر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔اس واقعہ پر سنسنی کی لہر دوڑ گئی۔سمجھا جارہا ہے کہ رقم اور اراضی کے معاملہ میں راجو پر حملہ کیا گیا جو شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک بتائی۔ تاہم ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ذاتی دشمنی اور خصومت کے تحت ناگا راجو کو نشانہ بنایا گیاہوگا۔ اس واقعہ کے فوری بعد حیدرآباد اور سائبر آباد حدود میں پولیس کو چوکس کرتے ہوئے خاطیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔