نامزد چیف منسٹر فرنویس کی مودی ،امیت شاہ سے ملاقات

نئی دہلی 30 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے نامزد چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اور صدرپارٹی امیت شاہ سے ملاقات کی جبکہ کل اس ریاست میں وہ اعلی عہدہ کا جائزہ لینے جارہے ہیں۔ مہاراشٹرا بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ممبئی سے ذریعہ طیارہ قومی دارالحکومت پہنچے تا کہ پارٹی کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا جائے جس نے نئی ریاستی حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے ان پر اعتماد ظاہر کیا ۔ فرنویس جو ناگپور سے تعلق رکھتے ہیں جو نتن گڈکری کا آبائی ٹاون بھی ہے،وہ ایر پورٹ سے سیدھے مرکزی وزیر کی قیام گاہ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دونوں قائدین نے چند گھنٹے ساتھ گذارے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں انہوں نے شاہ سے ان کی قیامگاہ اور پھر وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی۔