بیدر /26 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست کرناٹک میں مختلف بورڈ اور کارپوریشن کے صدور نائب صدعور اور ارکان اسمبلی کے علاوہ ڈیویژن ، ضلع اور تعلقہ سطح کے مختلف کمیٹیوں کے صدور اور ارکان کے نامزدگیوں کیلئے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں ۔ کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ نامزدگیوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے ۔ ضلع کانگریس صدور کی فہرست کے علاوہ متعلقہ حلقہ کے ارکان پارلیمان سابق ارکان پارلیمان ارکان اسمبلی سابق ارکان اسمبلی کی رائے حاصل کرکے ہی نامزدگیاں کی جارہی ہیں ۔ ریاستی سطح کے 30 تا 40 اہم بورڈ اور کارپوریشن کے صدور کی حیثیت سے پارٹی کے سینئیر ارکان اسمبلی کو نامزد کیا جارہا ہے ۔ ارکان اسمبلی ریاستی کابینہ میں توسیع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ ارکان اسمبلی کی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے انہیں بورڈ کارپوریشن پر نامزد ہونے کیلئے کانگریس کے کئی سابق ارکان اسمبلی بھیزبردست جدوجہد کر رہے ہیں ۔ لیکن کانگریس ہائی کمان نے سابق ارکان اسمبلی کو یا پھر کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کرکے شکست کھانے والے افراد کو قطعی نامزد نہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدرامیا کی یہ کوشش ہے کہ پارٹی کے ناراض ارکان اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ نامزد کرکے پارٹی میں پیدا شدہ بحران کو ختم کیا جائے ۔
کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ دسہرہ تہوار سے قبل یا دسہرہ کے فوراً بعد ریاستی سطح کے بورڈ اور کارپوریشن کے صدور کی نامزدگیاں کرکے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں بورڈ اور کارپوریشن کے ڈائرکٹرس ، ڈیویژن سطح کے صدور ، ضلع اور تعلقہ سطح کے صدور اور ارکان کمیٹیوں کی نامزدگی کا کام بھی کیا جارہا ہے ۔ یہ فہرست 30 ستمبر تک جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔ چیف منسٹر سدرامیا نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی کانگریس حکومت کی 2 سالہ معیاد مکمل ہونے کے بعد ہی کابینہ کی تشکیل جدید کریں گے ۔ فی الحال کابینہ میں توسیع کی جاتی ہے اور صرف تین یا چار افراد کو شامل کیا جاتا ہے تو ناراض سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اس لئے کابینہ میں توسیع کو ملتوی کیا یا ہے ۔ نامزدگی کے بعد جو ارکان کابینہ میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں اور پارٹی کے سینئیر ارکان اسمبلی ہیں دو سال مکمل ہونے پر کابینہ کی تشکیل جدید کرکے 6 تا 8 کو علحدہ کیا جائے گا اور 10 تا 12 نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا ۔ صدر کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر جی پرمیشور کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دیا جانا یقینی ہے ۔