نامراد عاشق کے حملہ میں زخمی طالبہ کی موت

حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) ضلع ورنگل کے ہنمکنڈہ میں نامراد عاشق کی جانب سے پٹرول ڈال کر آگ لگادینے کے واقعہ میں جھلس جانے والی طالبہ شہر کے ایک ہسپتال میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ راولی جس پر گزشتہ ہفتے اُس کے بوائے فرینڈ اویناش نے برسرعام ہنمکنڈہ میں پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی جس کے نتیجہ میں وہ 70 فیصد جھلس گئی تھی۔ راولی کو بہتر علاج کے لئے شہر کے ایک کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیرعلاج تھی۔ راولی آج شام زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ اُس کی نعش بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کردی گئی۔ واضح رہے کہ اویناش کو ہنمکنڈہ پولیس نے حملے کے فوری بعد ہی گرفتار کرلیا تھا۔