نامراد عاشق، محبوبہ کے والد کے حملہ میں ہلاک

حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ کوکٹ پلی میں ایک نا مراد عاشق محبوبہ کے والد کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ ملیش راجو پیشہ سے لیبر تھا کوکٹ پلی کے علاقہ پرشانت نگر میں رہتا تھا۔ راجو گذشتہ دو ماہ سے اسی علاقہ کی ساکن ایک لڑکی 27 سالہ نریجا سے محبت کرتا تھا اور اس نے شادی کی پیشکش بھی کی تھی تاہم لڑکی کے والدین نے اس کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا اور ایک ماہ قبل لڑکی کی شادی کو کسی اور جگہ طئے کردیا تھا ۔ اپنی محبوبہ کی شادی کسی اور جگہ طئے کرنے پر دلبرداشتہ راجو آج صبح اچانک لڑکی کے مکان میں داخل ہوگیا اور درانتی سے محبوبہ اس کی والدہ اور رشتہ دار پر حملہ کردیا زخمی افراد کی چیخ و پکار سے محلہ والے اور نیرجا کا والد مکان پہونچ گیا ۔ جس کو دیکھ کر راجو نریجا کے والد ولبھ راو پر حملہ کردیا تاہم اس دوران ولبھ راؤ نے راجو کے ہاتھ سے ہتھیار چھین کر راجو پر حملہ کردیا اس حملہ میں راجو ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کوکٹ پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔