نالے میں گرنے سے بے روزگار نوجوان کی موت

حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی نالے میں گرکر ایک بیروزگار نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 سالہ ہریش جس کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع نیلور سے ہے اپنے دوست کے مکان واقع سرور نگر کوڈنڈا رام نگر آیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہریش دوروں کے عارضہ سے متاثر تھا اور اپنے دوست کے مکان کے قریب کھلے نالے میں گرکر فوت ہوگیا ۔ کافی دیر کے بعد ہریش کے اچانک غائب ہونے کا اس کے دوست رام بابو نے پتہ لگایا اور اس کی تلاش شروع کردی جس کے دوران یہ معلوم ہوا کہ ہریش جی ایچ ایم سی کے کھلے نالے میں گرکر ہلاک ہوگیا ۔ سرور نگر پولیس کی ٹیم نے ہریش کو نالے میں دیکھ کر جی ایچ ایم سی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس اور ملک پیٹ فائر اسٹیشن سے وابستہ فائرانجن کو طلب کیا اور اسے باہر نکالنے کی کوشش کی ۔ جی ایچ ایم سی عملہ نے نالے کی مزید کھدوائی کرنے کے بعد ہریش کی نعش کو بر آمد کیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو عثمانیہ دواخانہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور تحقیقات جاری ہے ۔