نالوں اور آبگیر علاقوں کے بے یار و مددگار افراد کو امکنہ جات : ڈپٹی چیف منسٹر

غیر قانونی تعمیرات کے متاثرین کو مکانات فراہم کرنے محکمہ مال کو ہدایت : محمد محمود علی
حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ نالوں اور آبگیر علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کے متاثرین کو حکومت بے یارومددگار نہیں چھوڑے گی اور غریب مستحق افراد کو ڈبل بیڈ روم کے مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے لئے موزوں اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے انہدامی کارروائی کے موقع پر متاثرین کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اور انہیں ترجیحی بنیاد پر ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں حالیہ موسلادھار بارش کے سبب نشیبی علاقوں کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں نالوں اور آبگیر علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کی کھلی چھوٹ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال کیلئے سابق حکومتیں ذمہ دار ہیں جنہوں نے تعمیرات پر خاموشی اختیار کرلی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اس قدر شدید بارش کے باوجود حکومت نے انتہائی مستعدی کے ساتھ صورتحال پر قابو پالیا اور جانی و مالی نقصانات سے حیدرآباد کو بچایا گیا۔ محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اجازت کے بغیر مکانات کی تعمیر سے گریز کریں کیونکہ حکومت نے غیرمجاز تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے بلالحاظ سیاسی وابستگی انہدامی کارروائی کی ہدایت دی ہے اور اس سلسلے میں کوئی مداخلت بھی عہدیداروں کو اپنی کارروائی سے روک نہیں سکے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تعمیرات کیلئے اجازت کے قواعد میں نرمی پیدا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ عوام آسانی سے اجازت نامے حاصل کرلیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ تعمیرات سے قبل باقاعدہ اجازت حاصل کرلیں کیونکہ اجازت کے بغیر تعمیر کی صورت میں انہیں مختلف افراد کو رقومات ادا کرنی پڑتی ہے جوکہ اجازت نامہ کی فیس سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع میں آئی اے ایس عہدیداروں کے ذریعہ متاثرین اور راحت کاموں کے سلسلے میں رپورٹ حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع سے رپورٹ حاصل ہونے کے بعد مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔