ناگپور 2اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کپتان اسٹیون استمھ نے ہندستان کے خلاف آخری ون ڈے میں شکست کھانے کے بعد اپنے بلے بازوں کو لتاڑتے ہوئے کہا کہ ، کھلاڑیوں کی ایسی کارکردگی سے ان کی ٹیم جیت کی حق دار نہیں بن سکتی۔آسٹریلیا کو یہاں اتوار کو ہندستان کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں آخری میچ میں سات وکٹ سے شکست جھیلنی پڑی تھی اور ٹیم 4-1 سے سیریز ہار گئی ۔ استمھ نے میچ کے بعد کہا ٹیم نے سیریز میں جس طرح کی کارکردگی پیش کی اسے دیکھتے ہوئے ہم 4-1 سے ہی شکست کے حق دار تھے ۔ کچھ عرصے سے ہماری کارکردگی میں کمی آئی ہے اور ہم چاہتے ہیں کھلاڑی اپنے کھیل کو بہتر بنائیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی اس شکست سے سبق حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا ایک وقت 20 اووروں میں ہم 100 رن بنا کر مضبوط پوزیشن میں آگئے تھے لیکن اگلے 30 اووروں میں ہندستانی اسپنروں کے سامنے کنگارو بے بس نظرآئے اور صرف 134 رن ہی بناسکے ۔ انہوں نے کہا میرا خیال ہے کہ ٹیم کے اوپر کے چار بلے بازوں کو رن بناکر میچ کو قابو میں لینا چاہئے تھا ۔