۔12فیصد تحفظات مسئلہ
اسمبلی میں منظورہ قرارداد کو مرکز میں پاس کروانا بھی ریاستی حکومت کی ذمہ داری: امرناتھ بابو
بودھن۔/11جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی نائب صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر امرناتھ بابو نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کے مسلمانوں کو ملازمتوں و تعلیمی میدان میں 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ تاحال پورا نہ کرسکے جبکہ انہوں نے حکومت کے قیام کے سو دنوں میں تحفظات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ مسٹر بابو نے کہا کہ ریاست کے بعض دانشور مسلمانوں کی طرف سے انتخابی وعدے کی تکمیل کیلئے چلائی گئی مہم کو زبردست تحریک میں تبدیل ہوتا ہوا دیکھ کر چیف مسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں تحفظات کی فراہمی کیلئے قرارداد منظور کرکے مرکزی حکومت کو روانہ کردی گئی۔ مسٹر بابو نے کہا کہ مرکز میں تحفظات کے تعلق سے روانہ کئے گئے بل کو پاس کروانا بھی چیف منسٹر تلنگانہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کے سی آر مرکزی حکومت کے ہر احمقانہ فیصلوں کی ہمیشہ جلد بازی میں تائید کرتے رہتے ہیں۔ مسٹر بابو نے کہا کہ نوٹ بندی، جی ایس ٹی، پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں من مانی اضافہ اور اب ریاستوں اور مرکز میں بیک وقت انتخابات کروانے جیسے مرکز کی تجویز کو بھی مسٹر کے سی آر نے سب سے پہلے قبول کرتے ہوئے عین عام انتخابات سے پہلے عوام اور سیاسی تبصرہ نگاروں کو حیرت میں ڈال دیا۔ مودی سرکار کے ہر ناقص فیصلوں کو قبول کرنے والے چیف منسٹر تلنگانہ اپنی ریاست کے مسلمانوں اور ایس ٹی طبقہ کے جائز مطالبہ کو مرکزی حکومت سے منوانے کیوں تاخیر کررہے ہیں۔ مسٹر بابو نے کہا کہ کے سی آر کی حالیہ رعیتو بندھو اسکیم سے صرف بڑے زمینداروں کو ہی فائدہ پہنچا۔ انہوں نے قدیم پاس بکس رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو اپنے پرانے بکس میں درج قرض کی رقم حکومت کو ادا نہ کرنے کی خواہش کی۔ مسٹر بابو نے کہا کہ اس انشورنس اسکیم میں شامل متاثرہ کسانوں کو فائدہ پہنچنے کے کم امکانات ہیں۔ حکومت کی طرف سے اسکیم کے آغاز میں تاخیر سے کسانوں کو نقصان ہوگا۔
کار الٹ جانے سے
دو افراد شدید زخمی
مکہ راج پیٹ۔/11 جولائی، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیگنٹہ منڈل کے موضع ابراہیم پور کی شیوار میں تیز رفتار کار کے بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے الٹ جانے سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع کے مطابق موضع ابراہیم پور کے قریب میں تیز رفتار کار بے قابو سڑک کے کنارے الٹ گئی، کار میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے یہ افراد کسی تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہورہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ زخمیوں کو بذریعہ ایمبولنس دواخانہ علاج کیلئے شریک کروادیا گیا۔