دبئی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے سابق کپتان اور تجربہ کار بیٹسمین مہیلا جے وردھنے نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ناکام ہونے کے باوجود ان پر بہتر کارکردگی کیلئے کوئی اضافی دباؤ نہیں ہے۔ جے وردھنے کے بموجب جب کھلاڑی ملک کے لئے کھیلتے ہیں تو ہر میچ میں کارکردگی کیلئے دباؤ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا ریکارڈ دیکھیں، میں نے 139 ٹسٹ میں10811رنز بنائے ہیں۔ یہ صورتحال میرے لئے کوئی نئی نہیں ہے۔ دونوں اننگز میں پہلا ٹسٹ کھیلنے والے بلاول بھٹی کی گیند پر آوٹ ہونے پر انہوں نے کہا کہ میں انہیں پہلی مرتبہ کھیل رہا تھا
اور جب بھی آپ کسی بولر کو پہلی مرتبہ کھیلتے ہیں تو اس وقت مشکل ضرور ہوتی ہے۔ میرے ساتھیوں نے بتایا تھا کہ بلاول نے ونڈے سیریز میں بھی اچھی بولنگ کی ہے۔ اگلے میچ میں بہتر انداز میں کھیلوں گا۔36 سالہ مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ میرے کوئی طویل المیعاد منصوبے نہیں ہیں۔ 12 ماہ بعد ٹسٹ کھیل رہا تھا۔ اس سال پانچ تا چھ ٹسٹ باقی ہیں ان میں کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ سعید اجمل کے متعلق جے وردھنے نے کہا کہ وہ اچھے بولر ہیں اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ ہمارے منصوبہ میں تھا کہ سعید کے خلاف اچھی بیٹنگ کرکے انہیں قابو میں کیا جاسکتا ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ انہیں پہلے ٹسٹ کی طرح ہی کھیلیں۔