کرائسٹ چرچ۔2اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کر کے سریز برابر کرنے کی راہ میں خراب روشنی نے رکاوٹ ڈالی اور میچ کے چوتھے دن پیر کو مسلسل دوسری مرتبہ مقررہ وقت سے پہلے دن کا کھیل روکنا پڑا اور اس وقت382 رن کے بڑے ہدف کا تعاقب کر رہی میزبان ٹیم جیت سے 340 رن دور تھی۔انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے سامنے کامیابی کے لیے 382 رنز کا بڑا ہدف رکھا ہے جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں چوتھے دن کے کھیل کے ختم ہونے تک23 اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 42 رنز بنا لئے ہیں۔وہ اب بھی کامیابی سے 340 رن دور ہے لیکن اس کے تمام وکٹ محفوظ ہیں۔ٹام لاتھم 25 رن اور جیت راول 17 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔انگلش ٹیم نے غیر ملکی زمین پر اپنے گزشتہ 12 ٹسٹ میچوں میں ایک بھی نہیں جیتا ہے اور اسے اب دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں شکست سے بچنے کیلئے میزبان ٹیم کو آخری دن آل آؤٹ کرنا ہے۔