نئی دہلی 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ایگزٹ پولس میں کانگریس کے امکانات کے شدید متاثر ہونے کے پس منظر میں مرکزی وزیر کمل ناتھ نے آج ان باتوں کو مسترد کردیا کہ ناقص انتخابی مظاہرہ راہول گاندھی کی قیادت کو متاثر کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کبھی بھی یو پی اے حکومت کا حصہ نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ زیر قیادت حکومت عوام کو اپنے پروگراموں اور اچھے کام سے جو وہ کررہی تھی درست طور پر واقف کروانے سے قاصر رہی۔ انتخابی نتائج حکومت کی کارکردگی کا عکاسی ہوتے ہیں۔ اچھے کام کو مسترد کردینا اور یہ کہنا کہ 10 سال میں ہم نے کچھ نہیں کیا جو غلطیاں ہوئی ہیں اس کیلئے راہول گاندھی کو ذمہ دار نہیں قرار دیا جاسکتا کیونکہ وہ حکومت کا حصہ کبھی نہیں رہے ۔ کانگریس کی انتخابی مہم کی قیادت کرنے والے نائب صدر کانگریس کا کمل ناتھ نے بھر پور دفاع کیا۔